سرینگر//کشمیر میں فلم کلچر کو بحال کرنے کے مقصد سے ایکٹرس کریٹیو تھیٹر(اے سی ٹی) کے جانب سے پانچ روزہ کشمیر ورلڈ فلم فیسٹول کا انعقاد یکم نومبر سے ٹیگورہال سرینگر میں کیا جارہا ہے جس کا اعلان منگل کو ہوٹل سنگرمال سرینگر میں ایک تقریب کے دوران کیا گیا ۔تقریب پر بالی وڈ سے تعلق رکھنے والی کئی نامور فلم کاروں اور قلم کاروں نے شرکت کی ۔فلم فیسٹول کے منتظمین کے مطابق فیسٹول میں مختلف زبانوں میں تقریباّ 30 قومی و بین الاقوامی شہرت یافتہ فلمیں دکھائی جائیں گی ۔فیسٹول کے ڈائریکٹر مشتاق علی نے بتایا’فیسٹول کا مقصد کشمیر میں روایتی فلم کلچر کو بحال کرنا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں فلموں کو دیکھنے کا دستور کچھ حد تک کم ہوگیا ہے اور اس فیسٹول کی بدولت اس روایتی کلچر کو ازسرنوبحال کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ فیسٹول کے دوران دن کے پہلے حصہ میں ورکشاپ منعقد کئے جائیں گے ۔اس موقعہ پر ہندی سینماسے تعلق رکھنے والے کئی فلم کار جن میں سید مرضا ،گویند نہلانی ،انور جمال،اشوک کول کے علاوہ دلی سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر نریندر موہنتی شامل ہیں،موھود تھیں ۔اس موقع پر گویند نہلانی نے بتایا’’ہندی سینما مسلسل طور پرملک میں رونما ہورہے حالات وواقعات کی عکاسی کر رہا ہے جبکہ ماضی کو بدلا نہیں جاسکتا ہے تاہم مستقبل پر توجہ مرکوز کرنے سے ہی امن وامان کی صورتحال کو بحال کیا جاسکتا ہے ۔ سیدمرضا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست ہمیشہ لوگوں کو بانٹتی ہے جبکہ سینما ان کو جوڑنے کا کام کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کشمیر میں فلم فیسٹول کا انعقاد کرنا ایک جرت مندی کا کام ہے۔ ڈاکٹر نریندر موہنتی نے بتایا’’ ایسے حالات میں کشمیر کی سر زمین پرفلم فیسٹیول کا انعقاد کر نا ایک خوش آئیند فیصلہ ہے جس کے لئے کافی ہمت اور حوصلے کی ضرورت ہے ۔