جموں//ویشو ہندو پریشد ( وی ایچ پی) کے بین الاقوامی صدر پروین توگڑیاکے 3نومبر سے جموں کے تین روزہ دورے کے سلسلے میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔دورے کے دوران پارٹی کی مقامی لیڈر شپ کے ساتھ جموں کشمیر کی سیاسی اور سیکورٹی صورتحال سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ ریاستی ہندوئوں کیلئے ’’ہندو ہیلپ لائن‘‘ کا باضابطہ افتتاح بھی کریں گے۔تفصیلات کے مطابق ویشو ہندو پریشد (VHP)کے انٹر نیشنل ورکنگ پریذیڈنٹ پروین توگڑیا3نومبرجمعہ کو تین روزہ دورے پر جموں پہنچ رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ پارٹی کی مرکزی قیادت سے وابستہ سینئر لیڈران اور عہدیدار بھی ہونگے۔ وی ایچ پی صدر تین روز تک جموں میں قیام کے دوران پارٹی سرگرمیوں میں انتہائی مصروف رہیں گے۔پارٹی کے ایک لیڈر نے بتایا کہ پروین توگڑیا جموںکشمیر کے ہندوئوں کیلئے ایک ’’ہندو ہیلپ لائن‘‘ کی افتتاحی رسم انجام دیں گے۔یہ ہیلپ لائن ریاستی ہندوئوں کو یاترا پر جانے، چھٹیاں منانے اور حادثات جیسے ہنگامی حالات میں ان کی مدد کرنے کیلئے قائم کی گئی ہے۔پروین توگڑیا جموں میں قیام کے دوران ہندو ہیلپ لائن سے وابستہ کلیدی ممبران کے قومی سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے جس میں ہیلپ لائن کے کام کاج اور اسکے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ وی ایچ پی کے بین الاقوامی صدر پارٹی کی ریاستی قیادت اور سول سوسائٹی ممبران کے ساتھ بھی ایک میٹنگ کریں گے جس میں ریاست کی مجموعی سیاسی اور سیکورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر سے جڑے دیگر اہم معاملات بھی زیر بحث آنے کی توقع ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ توگڑیا وی ایچ پی خواتین ونگ سے وابستہ لیڈران سے ملاقات کے دوران پارٹی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے اور پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے داخلی جائزہ گروپ کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔وی ایچ پی صدر اور ان کے دیگر ساتھی5نومبر کو واپس نئی دلی روانہ ہونگے۔