سرینگر//امتحانی مرکز کے گرد نواح میں دفعہ144کے بیچ زائد از 55ہزار طلاب نے12ہویں جماعت کے سالانہ امتحانات میںشرکت کی۔آج سے10ویں جماعت کے امتحانات بھی شروع ہو رہے ہیں،جس میں قریب67ہزار امیدوار شرکت کرینگے۔ 10ویں اور12ہویں جماعت میں قریب ایک لاکھ22ہزار امیدوار شرکت کررہے ہیں۔ریاستی بورڈآف اسکول ایجوکیشن کیمطابق 12ہویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں شامل ہونے والے اُمیدواروں کی مجموعی تعداد 55 ہزار ہے،جن کیلئے 496امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ 10ویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں شامل ہونے والے 67 ہزار اُمیدواروں کیلئے 650امتحانی مراکزقائم کئے گئے ہیں ۔بارہویں جماعت میں ایسے 600طلاب کو امتحان دینے سے روک دیا گیا جنکی حاضری مکمل نہیں تھی۔ادھر وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات شروع ہونے پر مختلف امتحانی مراکز کا اچانک معائینہ کیا اور موقعہ پر ہی امتحانات کے انعقاد کے لئے دستیاب نگرانی سہولیات کا جائزہ لیا۔وزیر نے پرزنٹیشن کانونٹ سکول راجباغ ، گرلز ہائیرسکینڈر ی سکول راجباغ ، ہائیر سکینڈر ی سکول ایم اے روڑ کا معائینہ کیا اور وہاں طلاب کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اگرکسی کو بھی نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا تو ان کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تعلیم کے شعبے کو کلہم ترقی پر اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے بخاری نے کہا کہ ریاست میں تعلیمی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے متعدد پروجیکٹوں پر کام ہو رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ تعلیمی شعبہ کافی وسیع ہے اور اس کی درستگی ایک رات میں ممکن نہیں ہے ۔ تاہم تندہی اور لگن سے کام کر کے یہ کار عظیم پانچ سال کی مدت کے اندر پورا کیا جاسکتا ہے۔