جموں//گوجربکروال دیش یوتھ باڈی نے خانہ بدوش گوجربکروالوں کوتنگ طلب کرنے اورآئے روزمختلف حیلوں بہانوں سے انتظامیہ کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف خانہ بدوش سیکریٹریٹ کھلنے پر مال مویشیوں کے ہمراہ سول سیکریٹریٹ کاگھیرائوکرکے احتجاج درج کریںگے۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوجربکروال یوتھ دیش باڈی کے صدر چوہدری نزاکت کھٹانہ نے کہاکہ صوبہ جموں میںگوجربکروال طبقہ کے لوگوں کونہ صرف شرپسندعناصرپریشان کررہے ہیں بلکہ انتظامیہ کی طرف سے ان غریب اورخانہ بدوش لوگوں کونشانہ بناکراُجاڑنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جوکہ ناقابل قبول ہیں۔انہوں نے کہاکہ دربارموئوکے دفترکھلنے پرطبقہ کے لوگ اپنے مال مویشی کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ کے باہراحتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ کھٹانہ نے کہاکہ جموں اورملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر مسلمانوں (گوجربکروالوں)کوایک منصوبہ بندسازش کے تحت نشانہ بنایاجارہاہے جوکہ حکومت کی ناکامی کاثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت خانہ بدوش گوجربکروالوں کے مسائل کے ازالہ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔انہوں نے گذشتہ دنوں اکھنورروڈ اورہیراچک کٹھوعہ میں پیشگی اطلاع دیئے بغیر ہی غریبوں کے کلے منہدم کرنے کوسراسرناانصافی قراردیا۔کھٹانہ نے کہاکہ خانہ بدوش گوجربکروال جنگلاتی رقبہ پررہ رہے ہیں جبکہ اس وقت فاریسٹ ایکٹ لاگونہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ طبقہ کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ 6نومبر کو سیکریٹریٹ کاگھیرائوکرنے کیلئے اپنے ساتھ گھوڑے،گدھے،بھینسیں،بکریاں اورکتے ساتھ لیکردربارموئوکااستقبال کرکے اپنے ساتھ ہوئی والی زیادتیوں کے خلاف احتجاج درج کروائیں۔