بانہال // بانہال کے ڈولیگام علاقے میں بدھ کے روز آگ کی ایک واردات میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان مال و اسباب سمیت جل کر خاکستر ہو گیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق بدھ کے روز غلام حسن ساکنہ ڈولیگام بانہال کے دوسری منزل میں آگ نمودار ہو گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا -آگ لگنے کے فوری بعد مقامی لوگ ،نزدیکی فوجی کیمپ کے جوان ،مقامی رضاکار پولیس اور فائر سروس کا عملہ آگ بجھانے کی گاڑیوں کے ساتھ جائے واقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کے کام میں جٹ گئے ۔آگ بجھانے کی بچاؤ کاروائیوں میں شامل لوگوں نے اگر چہ مکان کے اندرد موجود کچھ سامان کو باہر نکالنے کی کوشش کی تھی لیکن آگ کے تیز شعلوں کی وجہ سے بیشتر سامان جلتے مکان کے اندر ہی جل کر راکھ ہو گیا۔بچاؤ کاروائیوں کے دوران گھر کا ایک فرد بھی معمولی طور پر جھلس گیا ہے ۔اس سلسلے میں رابطہ کر نے پر ایس ایچ او بانہال اعجاز وانی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مذکورہ شخص کا دو منزلہ مال و اسباب سمیت مکان جل کر تباہ ہو گیا ہے اور بروقت کوشش کے باوجود بھی آگ پر فوری قابو نہیں پایا جا سکا تاہم بچاؤ کاروائیوں کی وجہ سے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران آگ کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ بتایا جاتا ہے ۔پولیس نے اس معاملہ میں بانہال تھانہ میں آتشزنی کی ایک واردات کی رپورٹ درج کرکے نزید تحقیقات شروع کردی ہے اور ایک کیس درج کیا گیا ہے ۔