پونچھ//حسین محتشم //پونچھ راولاکوٹ راہ ملن بس سروس اور آر پار تجارت کی بحالی کے سلسلے میں ہونے والی میٹنگ ایک دن کیلئے ملتوی کی گئی ہے اور اب یہ میٹنگ تین نومبر یعنی آج منعقد ہوگی ۔ذرائع نے بتایاکہ آر پار کے فوجی حکام کا آپس میں رابطہ نہیںہوپایاجس وجہ سے میٹنگ ایک دن کیلئے ملتوی کردی گئی ۔ واضح رہے کہ پہلے اس میٹنگ کیلئے 2 نومبر کا دن طے کیاگیاتھا ۔ذرائع نے بتایاکہ میٹنگ چکاں داباغ زیرو لائن پر صبح دس بجے ہوناتھی لیکن اسے ایک دن کیلئے ملتوی کردیاگیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ کچھ ایسی وجوہات تھیں کہ جن کے بیچ آپسی ملاقات ہونا ممکن نہ بن پایا۔یہ میٹنگ ایسے موقعہ پر ہونے جارہی ہے جب جولائی کے دوسرے ہفتے سے اب تک آر پار تجار ت اور بس سروس معطل ہے جس کی وجہ سے جہاں تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہواہے وہیں لوگ آر پار رشتہ داروںسے ملاقات نہیں کرپائے ۔اگرچہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ میٹنگ کی تاریخیں طے کی گئی تھیںتاہم عین وقت پر اسے سرحدی کشیدگی کے باعث ملتوی کرناپڑا۔ رابطہ کرنے پر کسٹوڈین ٹریڈ سنٹر چکاں دا باغ تنویر احمد نے بتایا کہ فوجی حکام کا آپس میں رابطہ نہیں ہوپایاجس وجہ سے میٹنگ کو ایک دن پیچھے کیاگیاہے ۔