سرینگر//صوبائی کمشنرکشمیر بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ وادی میں غیر متوقع مسلسل خشک سالی سے بجلی اور پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگی ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑر ہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہے کہ کئی علاقوں میں زیر زمین پانی کی سطح میں کافی کمی آگئی ہے اورپانی کے اکثر ذخائر بھی خشک ہونے لگے ہیں جس سے نہ صرف پینے کے پانی کی قلت پید ا ہوگئی ہے بلکہ بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوگئی ہے۔صوبائی کمشنرنے عوام پر بجلی کا منصفانہ استعمال کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بجلی کی سہولیت کا صرف روشنی کے لئے ہی استعمال کریں ۔انہوںنے کہاکہ بجلی کو گرمی کے لئے استعمال کرنے سے بہت سے علاقوں میں لوگ بجلی سے محروم رہ جاتے ہیں۔صوبائی کمشنر نے مزید کہا کہ بعض علاقوں میں لوگ اپنی باغیچوں کو سیراب کرنے اور دیگر غیر ضروری ضروریات کیلئے پینے کا پانی استعمال کرتے ہیں نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ بہت ساری بستیوںمیں پانی کی شدید قلت پیدا ہوجاتی ہے۔انہوںنے اپیل کی کہ وہ ان دونوںنعمتوں کامنصفانہ اورکفایت شعاری سے استعمال کریں۔