اوڑی//اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میںواٹر سپلائی سکیم پر ابھی کام شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ اس اسکیم کیلئے استعمال میں لائی جانے والی پائپیں پھٹ گئی ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں پانی کی قلت کے پیش نظرحکام نے خدا خدا کرکے 2005میںایک واٹر سپلائی سکیم کو منظوری دی تھی اور اب حالیہ ایام میں اس پر کام شروع ہوالیکن افسوس اس بات کا ہے کہ اس اسکیم کیلئے جو پائپیں استعمال میں لائی جارہی ہیں ،اُس کا میٹریل ناقص ہے۔واضح رہے کہ اس سکیم پر 3 کروڑ روپئے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔اس سکیم کے ذریعے ایک درجن کے قریب دہیات جن میں صورہ،ہتھلنگا،سلی کوٹ ،موٹھل،ڈنااوربلکوٹ وغیرہ شامل ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ابھی کام جاری ہی ہے کہ بیشتر پائپیں پھٹ گئی ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ محکمہ پی ایچ ای اس دور دراز علاقے میں غیر معیاری میٹریل استعمال کررہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پائپیں ان لوڈ کے دوران ہی ٹوٹ جاتی ہیں۔لوگوں نے سرکار سے اپیل کی کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے۔ ایگزیکٹیو انجینئر پی ایچ ای اوڑی غلام حسن گوجری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ معاملہ ان کی نوٹس میں نہیں ہے کیونکہ سکیم کیلئے جو بھی میٹریل لایا گیا ،وہ چیف انجینئر کے دفتر سے آرہاہے ۔انہوں نے بتایا کہ اگر ایسی کوئی شکایت ہوگی تو اُس کی تحقیقات ہوگی۔