کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ میں گزشتہ 3ہفتو ں سے بجلی کا سخت بحران پیدا ہو گیا ہے اورلوگو ں نے محکمہ کے تئیں سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔رامحال کے بالائی علاقوں جن میں ہر ڈونہ ،کنیل ،ہفرڈہ ،تارت پورہ ،لیلم ،فلمرگ ،ملک پورہ ،سوچلیاری اور دریل خاص شامل ہیں کے لوگو ں نے بتا یا کہ گزشتہ18روز کے دوران ان علاقوں میں بجلی کا نام ونشان ہی نہیں ہے ۔مقامی لوگو ں نے بتا یا آج کل صرف 10 منٹ بجلی آتی ہے اور گھنٹو ں بعد یہ سلسلہ دو بارہ شروع ہوتا ہے ۔ان علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ ڈولی پورہ ویلگام میں قائم رسیونگ اسٹیشن کے جن دو فیڈرو ں سے بجلی فراہم کی جاتی ہے ان میں ایک فیڈر پر ایک درجن سے زائد علاقہ ہیں جبکہ ایک فیڈر پر صرف تین دیہات کو رکھا گیا نتیجے کے طور ان تینو ں دیہات کو دن بھر بجلی سپلائی فراہم کی جاتی ہے جبکہ رامحال کے بالائی علاقہ شام ہوتے ہیں گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں ۔ادھرماور کے لوگو ں نے بتا یا کہ اس علاقہ کے درجنو ں علاقہ شام ہوتے ہیں گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں ۔لوگو ں نے بتا یا کہ بجلی کی آنکھ مچولی سے وہ اس قدر پریشان ہیں کہ ان کے بچو ں کے امتحانات بھی شروع ہوچکے ہیں لیکن بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ ان امتحاتات کی مکمل تیاری نہیں کر سکتے ہیں ۔ادھرلولاب کے خورہامہ ،دیور ،لال پورہ ،کلی گام ،سوگام ،کانٹھ پورہ ،ڈون واری ،ڈوروسہ ،واورہ ،کلی گام سیور اور شاٹھ مقام کے لوگو ں نے بتا یا کہ 24گھنٹوں میں انہیں 8گھنٹہ کی بجلی سپلائی نصیب نہیں ہوتی ہے ۔ادھر ترہگام اور کرالہ پورہ علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ کپوارہ میں قائم دو گریڈ اسٹیشنو ں کے علاوہ یہا ں کے سارے کے سارے رسیونگ اسٹیشن اوور لوڈ ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ضلع کے اطراف و اکناف میں بجلی بحران سنگین رخ اختیار کیا ہے ۔ان علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ 5سال قبل آرم پورہ میں قائم گریڈ اسٹیشن پورے ضلع کو بجلی سپلائی فراہم کرتا تھا لیکن بعد میں ضلع میں بجلی بحران پر قابو پانے کے لئے ویلگام میں ایک اضافی گریڈ اسٹیشن کو قائم کیا گیا جو گزشتہ5سالو ں کے دوران کام کرتا ہے ۔لوگو ں کے مطابق ضلع میں دو گریڈ اسٹیشن قائم ہونے کے با وجود بھی ضلع میں سخت بجلی بحران پیدا ہو گیا ہے اور اس کی سزاصارفین کو بھگتنا پڑتا ہے۔