کشمیر نرسنگ ہوم میں مفت طبی اور ٹیسٹ کیمپ

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
سرینگر //کشمیر نرسنگ ہوم سونہ وار میں سنیچر کو ایک مفت طبی کیمپ منعقد کیا گیا جس کے دوران مریضوں کو مفت ادویات کے علاوہ تشخیصی ٹیسٹوں کی سہولیات بھی مفت رکھی گئی تھیں۔پانپور سے ڈلگیٹ تک کے مریضوں کو راحت فراہم کرنے کیلئے کشمیر نرسنگ ہوم میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں 500سے زائد مریضوں کا مفت علاج و معالجہ کے ساتھ ساتھ مفت تشخیصی ٹیسٹ اور ادویات مریضوں میں تقسیم کئے گئے۔ میڈیکل کیمپ کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کشمیر نرسنگ ہوم کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر جہانگیر بخشی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’پانپور سے ڈلگیٹ تک کے علاقے میں رہنے والے غریب لوگوں کے علاج و معالجہ کیلئے ہر سال مفت طبی کیمپ منعقد کیا جاتا ہے اور مریضوں کو مفت ادویات کے علاوہ تشخیصی ٹیسٹ بھی مفت کئے جاتے ہیں۔‘‘ ڈاکٹر جہانگیر بخشی نے کہا کہ امسال سے ہڈیوں کی بیماری، امراض اطفال، امراض قلب، سرجنوں اور خواتین کے امراض کے ماہر ڈاکٹروں کے علاوہ دیگر ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ ، صدرہسپتال اور دیگر ہسپتالوں میں تعینات ماہر ڈاکٹروں نے از خود کیمپ میں لوگوں کے علاج و معالجے کیلئے آنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ ڈاکٹر جہانگیر بخشی نے کہا کہ پانپور سے ڈلگیٹ تک ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے کوئی بھی انتظام نہیں تھا مگر ہسپتال میں ٹریفک حادثات کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی طبی امداد کیلئے ایک علیحدہ کمرہ شروع کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر ہر وقت دستیاب رہے گا۔ پرنسپل میڈیکل کالج سرینگر ڈاکٹر سامیہ رشید نے بھی کیمپ کا معائنہ کیا اور کیمپ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کی طبی امداد کیلئے بنائے گئے کمرے کا افتتاح بھی کیا ۔ادھر ایم ایل اے سونہ وار محمد اشرف میر نے بھی مفت طبی کیمپ کا معائنہ کیا اورکشمیر نرسنگ ہوم کو مزید بہتر بنانے اور ہسپتال کا درجہ بڑھانے کا بھی وعدہ کیا۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *