سرینگر// محکمہ دیہی ترقی میں کام کرنے والے کنٹریکچول ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے انہیں مستقل کرنے کا مطالبہ کیا۔مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار کے تحت کام کرنے والے ملازمین سرینگر کی پرتاپ پارک میں جمع ہوئے اور بینر و پلے کارڑ اٹھا کر احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرین نے بعد میں پریس کالونی کی طرف رخ کیا اور’’ہمیں انصاف دو‘ اور ہمارا مستقبل بچائو‘ کے نعرے بلند کئے۔ مظاہرین نے کہا’’ ہمیں کئی بار اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ مستقل کیا جائے گا،تاہم زمینی سطح پر کوئی بھی کام نہیں کیا گیا‘‘۔ منریگا ملازمین ایسو سی ایشن کے صدر جان محمد نے کہا کہ حکومت ملازمین کے جذبات اور احساسات کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔ امسال اپریل میں بھوک ہڑتال کے دوران دیہی ترقی کے وزیر ،صوبائی کمشنر اور دائریکٹر دیہی ترقی نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ کنٹریکچول ملازمین کو مستقل کیا جائے گا،تاہم ابھی تک حکومت نے عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔انہوںنے دھمکی دی کہ اگر8 دنوں کے اندر انہیں مستقل نہیں کیا جائے گا،تو وہ غیر معینہ مدت تک ہڑتال پر جائیںگے۔