رام بن //مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (MGNREGA) کے لگائے گئے درجنوں ملازموں نے ہفتہ کے روز اپنی مانگوں کے حق میں مظاہرہ کیا۔ ریاستی سرکار اور وزیر دیہی ترقیات کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرامین روزگار سیوکوں کے لئے جاب پالیسی مرتب کی جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ وہ عرصہ سے رام بن ضلع کے دو ردراز بلاکوں میں کام کر رہے ہیں لیکن ان کے مستقبل کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کی عمل آوری کے لئے انہوںنے دن رات محنت کی ہے اور اس کی وجہ سے لاکھوں کروڑوں لوگوں کو روزگار حاصل ہورہا ہے لیکن اسکیم کی عمل آوری میں اہم کردار نبھانے والے گرامین روزگار سیوکوں کا اپنا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رہبر تعلیم اور رہبر زراعت کے علاوہ دیگر ڈیلی ویجروں اور عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے قدم اٹھا رہی ہے اسی طرز پر منریگا ملازمین کو بھی مستقل کیا جائے ۔