سرینگر//مذاکراتی مشن کا آغاز کرتے ہوئے مرکز کی طرف سے نامزد رابطہ کار ر دنیشور شرما5روزہ مشن کشمیر پر وادی پہنچ گئے،جس کے ساتھ ہی انہوں نے کھلاڑیوں ،طلاب اور سماجی انجمنوں سے ملاقات کا سلسلہ شروع کیا۔ حکومت ہند کی طرف سے مشن کشمیر کیلئے نامزد مزاکراتکار آئی بی کے سابق سربراہ دنیشور شرما پیر کو سرینگر پہنچے، جہاں 3دنوں کے قیام کے دوران وہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں سے بات چیت کریں گے۔دنیشور شرما بعد میں 2دنوں کیلئے جموں بھی جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق سرینگرائرپورٹ پرمذاکرات کارکااستقبال صوبائی کمشنربصیراحمدخان اورپولیس کے صوبائی سربراہ منیراحمدخان نے کیا ۔ دنیشور شرما کو کابینہ سیکریٹری کی حیثیت دی گئی ہے،جو ملک میں سیول انتظامیہ میں سب سے اعلیٰ عہدہ ہوتا ہے،اور انہیں زیڈپلس سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری نگرپہنچنے کے بعددنیشورشرما نے ریاستی انتظامیہ کے کچھ سینئرحکام کیساتھ تبادلہ خیال کیا۔ذرائع نے بتایا کہ مرکزی مذاکرات کار اپنی سرگرمیوں کی شروعات سرینگر میں طلباء اور نوجوانوں کی انجمنوںکے نمائندوں کے ساتھ بات چیت سے کی۔سابق آئی بی چیف سرینگر میں قیام کے دوران سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ساتھ دیگر گروپوں اور افراد کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے لئے متعلقین کو باضابطہ طور مدعو بھی کیا گیا ہے۔ مرکزی مذاکرات کارکی سرگرمیوں کے حوالے سے جو خاکہ مرتب کیا گیا ہے ، اسکے مطابق وہ مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں کے علاوہ طلباء ، سول سوسائٹی ، تاجر تنظیموں اور دیگر انجمنوںسے وابستہ لوگوں سے ملیں گے۔ کئی مین اسٹریم لیڈروں نے مذاکرات کارکیساتھ ملاقات پراپنی آمادگی یارضامندی ظاہرکردی ہے ،جن میں سابق وزیرغلام حسن میر،حکیم محمدیاسین اورممبراسمبلی کولگام محمدیوسف تاریگامی بھی شامل ہیں ،اوریہ تینوں لیڈران مرکزی مذاکرات کاردنیشورشرماکے ساتھ تاریگامی کی رہائش گاہ پرملاقات اورتبادلہ خیالات کریں گے ۔ محمدیوسف تاریگامی نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ 8نومبرکویہ ملاقات ہورہی ہے۔تاہم ابھی تک نیشنل کانفرنس اورریاستی کانگریس کی جانب سے مرکزکے نامزدمذاکرات کارکیساتھ ملاقات کرنے یانہ کرنے کاکوئی واضح اشارہ نہیں ملاہے ۔ذرائع کے مطابق سرینگرمیں قیام کے دوران مرکزکے مقرکردہ مذاکرات کاراپنی سرگرمیاں محض ایک میزبان تک محدودنہیں رکھیں گے بلکہ وہ کئی سیاسی اورغیرسیاسی وفودکیساتھ ثانی الذکرکی من پسندجگہوں پرجاکرتبادلہ خیال کریں گے ۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ مرکزی رابطہ کار دنیشور شرما نے پیر کو کئی ایک سماجی اور کھیل انجمنوں کے علاوہ غیر معروف افراد نے ان سے ملاقات کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شرما کو ملنے والوں میں یوتھ سپورٹس فورم قمرواری،یوتھ سپورٹس،گجر ایسو سی ایشن،پیس فورم گاندربل اور یوتھ فورم کپوارہ کے نمائندے بھی شامل ہیں۔اس دوران ذرائع نے بتایا کہ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز،فیڈریشن چیمبر آف انڈسٹریز، کشمیرہاوس بوٹ اونرس ایسو سی ایشن،کشمیر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ اونرس فیڈریشن کو بھی اگر چہ صوبائی انتظامیہ کی طرف سے مذاکراتکار سے ملنے کی دعوت دی تھی،تاہم انہوں نے ا نکار کیا۔اس دوران ذرائع نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں کے نمائندے منگل سے رابطہ کار دانیشور شرما سے ملاقی ہونگے۔