جموں/یو این آئی/ پی ڈی پی کے سینئر لیڈر، ریاستی وزیر و حکومتی ترجمان نعیم اختر نے کہا کہ نریندر مودی ہندوستان کی تاریخ کے سب سے طاقتور وزیر اعظم ہیں۔ انہوں نے انٹیلی بیورو کے سابق سربراہ دنیشور شرما کی بحیثیت ’مذاکرات کار‘تقرری کو وزیر اعظم کی ایک مخلص کوشش قرار دیا ہے۔ نعم اختر نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’ نریندر مودی ہندوستان کی تاریخ کے سب سے طاقتور وزیر اعظم ہیں۔ وہ غیر معمولی فیصلے لے رہے ہیں۔ جب ان کے دل نے چاہا تو وہ پاکستان چلے گئے۔ ان کے دل نے چاہا تو نوٹ بندی کا اعلان کردیا۔ وہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے بڑے پیمانے پر پرستار ہیں۔ اپنے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے ان کے پاس عوامی حمایت ہے‘۔ دنیشور شرما کی بحیثیت مذاکرات کار تقرری پر نعیم نے کہا ’جموں وکشمیر کی گھتی سلجھانے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی ایک مخلص کوشش ہے‘۔ انہوں نے کہا ’ہماری امیدیں اس (مذاکرات) کے ساتھ بندھی ہوئی ہیں۔ وزیر اعظم (نریندر مودی) نے لال قلعہ سے ملکی عوام سے اپیل میں کہا تھا کہ ہمیں جموں وکشمیر کے لوگوں کو گلے لگانا ہے۔ ریاست کی تاریخ میں پہلی بار منظم مذاکرات شروع ہونے جارہے ہیں۔ یہ کوئی معمولی اقدام نہیں ہے‘۔