جموں//جموں میں دربار موو دفاتر کھلنے کے پہلے دن پیر کی صبح ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی نذیر احمد گریزی نے اسمبلی سیکریٹریٹ کا معائنہ کیا اور اس کے احسن کام کاج کو یقینی بنانے کے حوالے سے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر نائب سپیکر نے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا جن میں اکاؤنٹس ، اسٹیبلشمنٹ،لیجسلیشن ،ٹرانسلیشن ، رپورٹنگ ،ایچ اینڈ پی اور لائبریری شامل ہیں ۔ عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے اُن کے معاملات سُنے اور دی جا رہی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ اُن کے مسایل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ دریں اثنا انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے عوام کی توقعات پر کھرا اتریں ۔ نئے قانون ساز کمپلیکس کا ذکر کرتے ہوئے گریزی نے کہا کہ پروجیکٹ کی ضروریات کا تفصیلی جائیزہ جلد ہی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران لیا جائے گا ۔ بعد میں ڈپٹی سپیکر نے ایم ایل اے ہوسٹل کا بھی دورہ کیا اور وہاں انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے منتظمین پر زور دیا کہ وہ صفائی ستھرائی ہر قیمت پر برقرار رکھیں اور ارکان کو ہر ممکن سہولیات بہم رکھیں ۔اسمبلی کے سپیشل سیکرٹری آر ایل شرما اور کئی دیگر افسران بھی نائب سپیکر کے ہمراہ تھے ۔ اس دوران قانون ساز کونسل کے سیکریٹری عبدالمجید بٹ نے کونسل سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسروں کے ہمراہ کونسل کے خوش اسلوبی سے کام کاج کو یقینی بنانے کیلئے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے عملے کے ساتھ بات چیت کی اور اُن کے مسائل کے ساتھ ساتھ سہولیات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مسائل کو فوری طور حل کیا جائے گا ۔ بعد میں عبدالمجید بٹ نے کونسل سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔