سرینگر//ممبر اسمبلی رفیع آباد یاور دلاور میر نے کہا ہے کہ’میں اپنے اسمبلی حلقہ کو ایک ماڈل کے طور پر دیکھنا چاہتا ہوں جہاں پر لوگوں کو ہر قسم کی بنیادی سہولیات فراہم ہوں‘ ۔یاور میر اس وقت اپنے اسمبلی حلقہ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے کئی ایک ترقیاتی منصوبوں کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔ میر نے اسمبلی حلقہ کے فدرپورہ ، منچن پورہ ، سید سیدنار ، شیخ پورہ اور باکھی پورہ کا دورہ کر کے لوگوں کے مسائل سنے ۔لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے یاور میر نے کہا کہ اُس کی پہلی اور بنیادی ترجیح لوگوں کو پینے کا صاف پانی ،سڑکوں کی بہتر سہولیات ، بجلی اورصحت جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے جو سماجی اور اقتصادی تبدیلی کیلئے اہم ہیں ۔مذکورہ ممبراسمبلی نے کہا کہ اسمبلی حلقہ کے منچن علاقے میں تعمیر ہو رہے پل کا کام اس سال مکمل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس پل پر 99ؒٓلاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمام مارکیٹ گوجر بستی میں ایک بڑے ہسپتال کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لیا جا رہا ہے جس سے اس پسماندہ علاقے کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ یاور نے کہا کہ اسمبلی حلقہ میں بجلی کی ایچ ٹی اور ایل ٹی لائن پر بڑے پیمانے پر کام شروع کیا گیا ہے تاکہ حلقہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔یاور نے کہا کہ طلاب کو بہتر اعلیٰ تعلیم فراہم کرنا میرے ایجنڈے میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگلے سال ہادی پورہ میں نئے ڈگری کالج کی عمارت کاکام مکمل کیا جائے گا ۔ یاور نے سماجی بہبود اورترقیاتی سکیموں کی عمل اوری میں لوگوں سے تعاون طلب کیا اور کہا کہ لوگوں کو اُن سکیموں پر ازخود نظر رکھنی چاہئے تاکہ سکیموں کی تعمیر میں معیاری میٹریل استعمال ہو اور عوامی پیسے کا صحیح استعمال ہو ۔