سرینگر// پیپلز لیگ کے مطابق حریت گ رابطہ عامہ کے سربراہ اور پیپلز لیگ کے بزرگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کی صحت کٹھوعہ جیل جموں میں انتہائی خراب ہوچکی ہے اور جیل حکام نے انہیں ہر طرح کی طبی امداد سے محروم رکھا ہے ۔ لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے کہا ہے کہ حکام نے غلام محمد خان سوپوری کو موت کے دہانے پر پہنچایا ہے اور انہیں کسی بھی طرح کی طبی امداد فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 70 سالہ بزرگ رہنما غلام محمد خان سوپوری کو ایک عرصے سے سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے عالمی ریڈکراس کمیٹی کے کشمیر میں تعینات ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ غلام محمد خان سوپوری کی جیل میں حالت زار کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کا مناسب علاج ومعالجے کے حوالے سے اپنی زمہ داریوں کو پورا کریں ۔ دریں اثناء پیپلز لیگ نے ایئمہ مساجد اور حریت پسند عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ خطبات کے دوران بزرگ رہنماء غلام محمد خان سوپوری سمیت تمام بیمار حریت پسندوں کی صحت یابی اور رہائی کیلئے دعا کریں ۔
’پاکستان مسئلہ کا اہم فریق،مذاکرات محض ایک شوشہ‘
سرینگر//تحریک مزاحمت ،مسلم ڈیموکریٹک لیگ اورکشمیر فریڈم فرنٹ نے نامزد مذاکراتکار دنیشور شرماکے وادی وارد ہونے پر کہا ہے کہ یہ عمل ایک روایتی حربے کے تحت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے بامعنی اور سہ فریقی مذاکرات کو ایک تسلیم شدہ حل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس کے آئین میں بھی صرف سہ فریقی مذاکرات کا طریقہ ہی تسلیم کیا گیا ہے ۔ صدیقی نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کو ایک بنیادی فریق کی حیثیت حاصل ہے ۔انہوںنے کہا کہ سبھی اکائیوں پر لازم ہے کہ وہ حریت کے آئین کی رو سے ان مذاکرات سے لاتعلقی اختیار کریں۔انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پاکستان مسئلہ کا ایک اہم فریق ہے اور اس کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی حل قبول نہیں ۔مسلم ڈیموکریٹک لیگ کے سربراہ حکیم عبدالرشید نے کہا کہ جنوبی ایشاء میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے لازمی ہے کہ بھارت روایتی حربوں سے ہٹ کر سوچ کو بدلے تاکہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور مرضی کے مطابق اقوام متحدہ کی قرار دادوں یا سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے ہمیشہ کیلئے حل کیا جائے۔کشمیر فریڈم فرنٹ کے سربراہ سید بشیر اندابی نے کہا کہ بھارت ایک طرف ریاست کے امن پسند عوام پر اپنی فوج کو مسلط کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتا اور دوسری طرف مذاکرات کا شوشہ کھڑا کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ بھارت روایتی ہٹ دھرمی اور تاخیری حربوں کے استعمال کو ترک کرکے سنجیدگی سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آگے آئے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن و امان کو یقینی بنایا جائے۔
تحریک ِ آزادی کیخلاف سازش
مظفرآباد میں احتجاج
مظفرآباد//بھارتی مذاکرات کار دنیشورشرما کی کشمیر آمد کوتحریک آزادی جموں کشمیر کمزور کرنے کی ایک سازش سے تعبیر کرتے ہوئے مظفرآباد میں ایک احتجاجی ریلی برآمد ہوئی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہندوستان جموں کشمیر کو متنازعہ مسئلہ تسلیم کرے اور سہ فریقی مذاکرات کا آغاز کرکے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں کشمیر کے قضیہ کو حل کیا جائے ۔بیان کے مطابق مظفرآباد میں پاسبان حریت جموں کشمیر اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام برہان وانی چوک سے گھڑی پن چوک تک بھارت مخالف ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی میں لوگوں کی کثیرتعداد سمیت مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی ۔
گاندربل میں اغوا کی گئی لڑکی بازیاب
گاندربل//ارشاد احمد//پولیس نے 15 سالہ لڑکی کو برآمد کرکے والدین کے حوالے کردیا۔پولیس ذرائع کے مطابق یکم نومبر 2017 کو غلام محمد ساکن گاندربل نے پولیس اسٹیشن گاندربل میں ایک رپورٹ درج کی تھی کہ اس کی 15 سالہ لڑکی کو نامعلوم شخص نے اغوا کرلیا ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک ٹیم تشکیل دے کر اغواء کی گئی لڑکی کی تلاش شروع کردی اور 4 نومبرکو اشفاق احمد خان ساکنہ آرہامہ گاندربل کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے مغویہ لڑکی کو برآمد کرلیا گیا۔لڑکی کو والدین کے حوالے کرتے ہوئے گرفتار کئے گئے اشفاق احمد کے خلاف عدالت سے 5 دن کی ریمانڈحاصل کی گئی۔
تحریر وتقریرکی آزادی کے نام پر بے حیائی کو فروغ دیا جارہا ہے:جمعیت
سرینگر// دنیا میں اس وقت اخلاقی انارکی ٗ روحانی اقدار کی پامالی ، جنسی آوارگی، صنف نازک پر جور وظلم اور معصوم بچوں پر مختلف قسم کی دل دھلانے والی زیادتیاں اپنے عروج پر ہیںجبکہ تحریر وتقریرکی آزادی کے نام پر بے حیائی ، اخلاق سوزی اور عریانیت کو فروغ دینے کی ہر مذموم کوشش ہورہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈوڈہ ٹائون ہال میں جمعیت اہلحدیث ضلع ڈوڈہ کے اہتمام سے منعقدہ’’ اسلام اور امن عالم کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمعیت مولانا غلام محمد بٹ اور ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے کیا ۔ کانفرنس میںزندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ لوگوںبالخصوص طالب علموں ، اساتذہ ،ڈاکٹروں، انجینئروں ، دانشوروں اور کئی غیر مسلم افراد نے بھی شرکت کی۔صدر وناظم اعلیٰ نے جمعیت کے تعلیمی، دعوتی طبی اور فلاحی خدمات کا خلاصہ بھی کیا۔ کانفرنس سے مدیر ’مسلم‘ بشارت بشیر ، مولانا عبداللطیف ریاضی ، مولانا عبدالقیوم سراجی اور بشارت علی صدر ضلع ڈوڈہ نے بھی خطاب کیا۔
گزریال میں آگ،رہائشی مکان خاکستر
کپوارہ//اشرف چراغ// گزریال کرالہ پورہ کے گنائی محلہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوا ہے ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گنائی محلہ گزریال میں پیر کی صبح 8بجے تین بھائیو ں محمد انور شیخ ،محمد اکبر شیخ اور عبد الرحیم شیخ کے مشترکہ مکان میں آگ نمودار ہوئی جس کے بعد آگ نے فوری طور پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے بعد لوگوں نے فوری طور بچائو کاروائی شروع کی تاہم گنائی محلہ میں پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے آگ بجھانے کی کاروائی میں مشکلات پیش آئے ۔اس دوران کرالہ پورہ سے فائر ٹینڈر جائے واردات پر پہنچ گئے لیکن تب تک مکان کے دو حصے مکمل طور خاکستر ہوئے تھے ۔مقامی تحصیل انتظامیہ نے گزریال کا دورہ کر کے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے ایک ٹیم مقرر کی ۔ادھر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق ممبر اسمبلی کپوارہ میر سیف اللہ نے متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور ان کی باز آ باد کاری کے لئے اقدامات کریں ۔
پیپلز لیگ نے رکن تنظیم کی ڈھارس بندھائی
سرینگر// پیپلز لیگ نے پارٹی کے سینئر قائد غلام قادر ہا گرو کی والدہ کی اجتماحی فاتحہ خوانی میں شرکت کرکے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی اور لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔موصولہ بیان کے مطابق پیپلز لیگ نے پارٹی کے بنیادی ممبر غلام قادر ہا گرو کی والدہ کی اجتماحی فاتحہ خوانی پر لیگ وفد نے چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا کی سربراہی میںمرحومہ کے مزارپر اجتماحی فاتحہ خوانی میں شرکت کی ۔بعد میںوفد نے ہاگرو کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی اور اس موقع پر ایک تعزیتی مجلس سے سینئر لیڈر مختار احمد صوفی نے مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحومہ کی قربانیوں کا تذکرہ کیا۔