ڈوڈہ//جمعیت اہلحدیث جموں وکشمیر کے زیر اہتمام ’’ اسلام اور امن عالم‘‘ کے عنوان پر ڈوڈہ ٹاون ہال میں ایک دینی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ریاست کے جید ومقتدر علماء کرام نے عوام الناس کو قرآن وسنت کی تعلیمات سے روشناس کرایا۔کانفرنس میں ہزاروں مندوبین نے شرکت کی۔علماء کرام نے مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی۔اور دنیاء عالم میں موجودہ بدامنی اور انتشار کے اسباب کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام ہی امن وآشتی کا پیغام اور انسانی بقاء کا ضامن ہے۔اور آج دنیا عالم جن مشکلات سے دوچار ہے قرآن وسنت کی تعلیمات میں ہی اس کا حل مضمر ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اسلام کے حقیقی مفہوم کو سمجھا جائے،اس کے بنیادی تقاضوں کو عملایا جائے۔اور اسلام کے تیئں منفی سوچ کو ختم کر کے اسلامی نظریات کو اپنایا جائے تاکہ دنیاء عالم میں پھر سے امن، سکون اور چین کا ماحول پیدا ہو۔علماء کرام نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ امن عالم قرآنی تعلیمات میں مضمر ہے۔انہوں نے بتایا کہ درحقیقت اسلام امن وآشتی کا گہوارہ ہے۔جو باہمی اخوت، بھائی چارے، سماجی مساوات اور عدل انصاف کی تعلیم دیتا ہے۔کانفرنس میں جمعیت اہل حدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ نے اپنے صدارتی خطاب میں وحدت امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان جسد واحد کی طرح ہیں۔لہازا اس جسد واحد کو مشرب ومسلک اور نظریاتی اختلاف کی بنیاد پر تقسیم کرنا غیر فطری ہے۔انہوں نے بتایا امت کو ایک لڑی میں پرونے کے لیے امت مسلمہ کو قرآن وسنت کی تعلیمات کو من وعن عملانا ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ گروہوں اور مسالک میں منقسم ہونے کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ مسلمانوں نے اسلام کے بنیادی تعلیمات کو اپنی زندگی سے الگ کردیا ہے یہی وجہ ہے کہ انسانیت سسکتی اور بلکتی ہے۔ جس کا مداوا کرنا وقت کا ایک اہم تقاضا ہے۔پروفیسر غلام محمد بٹ نے بتایا کہ اسلام دوسرے مذاہب کا احترام کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔لہاذا اس کے اصلی روح کو پہنچاننے کی ضرورت ہے۔کانفرنس میں ایک جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلی ڈاکٹر عبدالطیف الکندی نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کو اسلام کی بنیادی تعلیمات اپنی نجی زندگیوں میں اپنانی ہونگی۔انہیں مکمل طور پر اللہ تعالیٰ کے تابع ہونا پڑے گا۔انہوں نے بتایا کہ جب ہم عدل وانصاف کے علمبردار بنیں گے تو پھر ہم ظلم سے بچ سکتے ہیں۔ورنہ مسلمانوں کو تختہ مشک بننے سے کوئی چیز روک نہیں سکتی۔ڈاکٹر الکندی نے بتایا کہ ہمیں گناہوں اور ہر طرح کی برائی سے تائب ہونا چاہئے تاکہ ہم اللہ تعالیٰ کی رحمت کے مستحق بن سکیں۔کانفرنس میں اخبار مسلم کے مدیر اور معروف صحافی مولانا بشارت بشیر نے اپنے منفرد انداز میں سامعین کو اسلام کی بنیادی تعلیمات جس میں تحفظ نفس، تحفظ انسانیت، تحفظ جان ومال کی ترغیب دی گیی ہے سے بہرہ ور کرایا۔مولانا عبدالطیف ریاضی نے بھی اجتماع سے خطاب کیا اور بگڑتے معاشرے کی تعمیر نو اور امن، چین، سکون اور ترقی کے لیے دین کی تعلیمات کو عام کرنے پر زور دیا۔مولانا عبدالقیوم سراجی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اسلام دین رحمت ہے۔یہ فطرتا امن وآشتی کا پیغام اور اس پیغام کی ترویج واشاعت سے ہی اس قطعہ ارض میں امن اور چین کی فضا قائم ہو گی۔لہاذا اسلام کے آفاقی نظام کو لاگو کر کے ہی دنیا کو امن اور سکون کا گہوارا بنایا جاسکتا ہے۔اخر پر ضلع صدر بشارت علی نے اظہار تشکر کرتے ہوئے زعماء جمعیت، اراکین، ایڈمنسٹریشن ،رضاء کاران اور تمام سامعین کا شکریہ ادا کیا۔اس طرح کانفرنس پر امن طریقے سے اختتام پزیر ہوئی۔