جواہر ٹنل میں ٹینکر الٹ گیا
گھنٹوں تک مسدود رہنے کے بعد ٹریفک بحال
محمد تسکین
بانہال // جواہر ٹنل کے اندر جموں سے سرینگر جانے والا ایک ڈیزل ٹینکر الٹ گیا ہے جس کی وجہ سے ٹنل کے آر پار دو طرفہ ٹریفک پچھلے چار گھنٹوں سے معطل ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جموں سے سرینگر کی طرف جانے والا ڈیزل سے لدھا یہ ٹینکر جواہر سرنگ کے اندر پیر کی سہ پہر بعد قریب چار بجے الٹ گیا جس کی وجہ سے دو طرفہ ٹریفک میں شامل سینکڑوں گاڑیوں کو حکام نے ٹنل کے دونوں طرف روک دیا تاکہ کسی امکانی حادثہ کو ٹالا جاسکے ۔ ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن کے مطابق ڈیزل ٹینکر کو دو کرینوں کی مدد سے باہر نکالنے کا عمل رات دیر گئے تک جا ری رہا۔ الٹے ٹینکر کو دو کرینوں کی مدد سے سیدھا کیا گیاانہی کرینوں کی مدد سے جواہر سرنگ سے باہر کھینچا گیا ٹینکر کو باہر نکالنے کے بعد ہی ٹریفک بحال ہو پائی ۔
لیتر ڈنگا میں پائور سب سٹیشن کا افتتاح
ریاسی//خزانے اور منصوبہ بندی کے وزیر مملکت اجے نندا نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ترقیاتی عمل کو بڑھاوا دینے کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کے معیار حیات میں بہتری لانے کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔لیتر ڈنگا میں آج 3.35 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے ایک پاور سب سٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت بہتر سڑک رابطے ، بجلی ، پانی، تعلیم اور طبی شعبے میں بہتری لانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوںنے ایم جی نریگا اور دیگر سکیمو ں کے تحت ہاتھ میں لئے گئے کاموں کی پیش رفتہ کا جائزہ لیا ۔انہوں نے افسرون سے کہا کہ وہ لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو سکیموں کے بارے میں جانکاری دینے کے لئے بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا جاناچاہیئے ۔اس موقعہ پر مختلف محکموں کے کئی افسران بھی موجود تھے۔
ڈوڈہ کے سیاسی کارکن غلام حسن مسگر انتقال کر گئے
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ڈوڈہ کے بزرگ سیاسی کارکن غلام حسن مسگر طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ان کی نمازہ جنازہ عید گاہ ڈوڈہ میں ادا کی گئی جس کے بعد آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔مرحوم ایک نیک سیرت ،خوش اخلاق اور ملنسار انسان تھے۔اْن کی موت پر ڈوڈہ کی متعدد شخصیات نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت کی ہے۔ایڈوکیٹ سید محمد حنیف ھاشمی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ مرحوم ایک سفید پوش اور خوش مزاج انسان تھے اور سماجی خدمت کا جذبہ اْن میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔اْن کے موت پسماندگان کے لئے ایک بہت بڑا صدمہ ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم اْن کے ساتھ ہیں۔امیرِ جماعتِ اسلامی ضلع ڈوڈہ منور دین گنائی، سابق امیرِ ضلع شوکت علی مغل، ڈوڈہ ڈیویلپمنٹ فرنٹ کے اشتیاق احمد دیو ،شاد مسگر ،نصیر احمد کھوڑا ،مرزا مظفر حسین بیگ ،آصف جہاں گتّو عبدالمنان بانڈے اور فیضان علی ترمبو نے بھی پسماندگان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کے لئے دْعا کی ہے۔
بی جے پی کی کارکردگی مایو س کن : سروڑی
کشتواڑ//بر سر اقتدار بی جے پی کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے رکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے کہاکہ مرکزی وریاستیں سرکاروں کی گذشتہ تین برس کی کارکردگی صفرہے۔اُنہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس۔کانگریس مخلوط سرکارنے اپنے دورمیں ریاست جموں وکشمیرمیں جوتعمیروترقی کاانقلابی سلسلہ شروع کیاتھااُس پرموجودہ پی ڈی پی۔بھاجپاسرکارنے بریک لگادی ہے اور قیامِ امن کیلئے جاری تمام ترکوششیں بھی سردمہری کاشکارہیں۔پریس ریلیز کے مطابق مغلمیدان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی۔بھاجپاسرکارشہروں تک محدود ہوکررہ گئی ہے لیکن علاقوں میں بھی بنیادی سہولیات کابحران ہے۔سروڑی نے کہاکہ این سی۔کانگریس دورمیں نہ صرف پسماندہ علاقہ جا ت کوتعمیروترقی کے نقشے پرلایاگیا بلکہ لوگوں میں عدم تحفظ کااِحساس بھی پیداہواتھا جواب پی ڈی پی۔بھاجپاسرکاربننے کے بعدخطرات کاسامناکررہے ہیں۔ 2014کے بعد ریاست میں مکمل غیریقینی صورتحال بنی ہوئی ہے اور عام لوگوں کو ذہنی طورپریشانیاں جھیلناپڑرہی ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران جماعتوں نے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے لوگوں کوخوف کے عالم میں جینے پرمجبورکردیاہے۔ کانگریس نے ریاست کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی پراپنی توجہ مرکوزرکھتے ہوئے نہ صرف انقلابی تعمیروترقی کاسلسلہ چلایابلکہ قیامِ امن میں بھی بے پناہ حصولیابیاں حاصل کیں۔سروڑی نے کہاکہ وہ’’ اپنے منہ میاں مِٹھو‘‘بننے کے خواہاں نہیں ہیں لیکن لوگ اب کانگریس۔این سی اور موجودہ حکومت کے دورکاموازنہ کررہے ہیں اوراین سی۔کانگریس دورکوسنہری دورتصورکررہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ پی ڈی پی۔بھاجپاسے عاجزآتے ہوئے سینکڑوں کی تعدادمیں کارکنان کانگریس کادامن تھامتے جارہے ہیں۔اس موقع پردرجنوں بھاجپاکارکنان نے کانگریس میں شمولیت اختیارکی۔کانگریس بلاک صدر چھاترو حاجی غلام حیدرشیخ، کانگریس بلاک صدر مغل میدان حافظ علی محمد، مشتاق احمد ہپ، الطاف حسین ملک، طارق حسین وانی، نند لال،اوم پرکاش ودیگران بھی اس دورے کے دوران رکن اسمبلی کے ہمراہ تھے۔
گرام سبھا کھلینی ڈوڈہ کا اِجلاس منعقد
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//گرام سبھا کھلینی ڈوڈہ کا ایک اِجلاس ٹھاکور بچھتر سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کھلینی کی عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اِجلاس کے دوران گرام سبھا ارکان نے بتایا کہ کھلینی میں پینے کے پانی کی شدید قلّت ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کمیٹی نے اتفاق رائے آئندہ بارہ تاریخ کو پانی کی پائپ لائن کا سروے کرکے متعلقہ محکمہ کو رپورٹ پیش کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس کے علاوہ اِجلاس میں راشن بروقت دستیاب نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔لوگوں نے بتایا جو راشن فراہم کیا بھی جاتا ہے وہ خراب اور ناقابل استعمال ہوتا ہے۔شرکائے اجلاس نے مطالبہ کیا کہ کھلینی میں بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اِجلاس میں بشیر احمد وانی ،دلجیت سنگھ ،خواجہ رشید احمد وانی ،چرنجیت وغیرہ موجود تھے۔
کشتواڑ میں چرس بر آمد،2اسمگلر گرفتار
کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے ایک ناکے کے دوران علاقہ بونجواہ سے منشیات کادھندہ کرنے والے ایک گروہ کو بے نقاب کر کے 2سمگلروں کر گرفتار کیا اور ان کے قبضہ سے ایک کلو گرام چرس بر آمد کی۔ گرفتار کئے گئے ملزمان کے نام پریتم لال ولد پریم ناتھ ساکنہ گلور بونجواہ اور بابو رام ولد پریم ناتھ ساکنہ گلور بونجواہ کشتواڑ ہیں پولیس سٹیشن کشتواڑ میں ملزمان کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر زنہار رنجن کی قیادت میں کشتواڑ پولیس سمگلروں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف سر گرم عمل ہے۔اس سلسلے میں جب ایس ایس پی کشرواڑ اسرار چودھری سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نیکہا کہ ضلع کشتواڑ سے منشیات کے دھندے میں ملوث عناصر پر پولیس کی کڑی نگاہ ہیتا کہ ضلع سے اس بدعت کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
ڈوڈہ میں مویشی بازیاب،سمگلر گرفتار
ڈوڈہ// ڈوڈہ پولیس کی جانب سے میویشیوں کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے جاری مہم کے ایک حصہ کے طورپر 6نومبر کو مویشیوں کی سمگلنگ کی ایک کوشش کو پولیس نے ناکام بناکرگیارہ میویشیوں کو بازیاب کی ۔ ایس ایچ او سٹیشن دیر انسپکٹر کرن سنگھ کی قیادت میں پولیس نے چنبہ نالہ دایہ میں ایک ناکے کے دوران میویشی سمگلرروشن دین ولد محمد امین پرے ساکنہ دایہ کوگرفتار کیا اور سمگل کئے جارہے گیارہ میویشیوں کو بازیاب کیا ۔ اس سلسلے میں پولیس سٹیشن میں کیس درج کرکے معاملے کی مزید تفتیش کا کام شروع کردیا گیا ہے پولیس نے یہ کاروائی ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی ہدایات پر کی۔ رواں ہفتے کے دوران ڈوڈہ پولیس نے سمگل کئے جارہے 42 میویشیوں کو بازیاب کیا اور چار سمگلروں کو گرفتار کیاگیا ۔
کشتواڑ میں شطرنج مقابلے کااہتمام
کشتواڑ// کشتواڑ کے نوجوان میں اندرکھیلوں کی پنہاں صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کیلئے بھارتیہ فوج نے پنجرار کشتواڑ میں شطرنج کے ایک مقابلے کااہتمام کیا نو جوانوںنے شطرنج کے اس مقابلے میں کافی دلچسپی اور جوش وخروش کا مظاہرہ کیا مقابلے میں کل 12نو جوانوں نے حصہ لیا۔ مقابلے کا اختتام تقسیم انعامات کی تقریب سے ہوا۔ پہلاانعام رسول محمد ، دوسرا فتح محمد، نے حاصل کیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فوج علاقہ میںاکثر وبیشتر متعدد کھیلوں کے مقابلوں کااہتمام وقت وقت پر کراتی ہے کشتواڑ کے عوام نے فوج کی ان کاوشوں کو سراہا۔
جموں بند کی کال پررام بن میں بند
رام بن// جموں بند کال کے سلسلے میں سبھی سیاسی اورسماجی تنظیموں نے آج رام بن بند کی کال دی تھی۔ میڈیا اشخاص سے بات چیت کرتے ہوئے ضلع صدرکانگریس کمیٹی رام بن ارون سنگھ راجو نے لکھن پور ٹول پوسٹ پر دوہرا ٹیکس عائد کرنے کے لئے ریاستی اور مرکزی سرکاروں کے رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہاکہ پارلیمنٹ کی جانب سے پاس کئے گئے ایک ملک ایک ٹیکس قانون کی سراسر خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے استدعا کی کہ وہ اس معاملے میں ذاتی طورپر مداخلت کریں اور ریاست کے عوام کو اس دوہرے ٹیکس سے نجات دلوائیں۔ مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن کو سرکاری تعطیل کے طور نہ منانے کے ریاستی سرکار کے فیصلے کی نکتہ چینی کرتے ہوئے ریاستی سرکار جان بوجھ کر عوام کی اس مانگ کو رد کررہی ہے ۔ رام بن بند کی کال متعدد پارٹیوں وایسوسی ایشنوں بشمول بار ایسوسی ایشن رام بن ، ٹرانسپورٹ یونین ،بیو پار منڈل ، امرکھشتریہ راجپوت سبھا نے دی تھی۔
ڈوڈہ پولیس کی طرف سے بیداری پروگرام
ڈوڈہ // عام لوگوں خصوصی طورسے ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنے کے سلسلے میں جاری کوششوں کے ایک حصے کے طورپر ڈوڈہ پولیس نے آج اے ایس پی ہیڈکوارٹر ڈوڈہ ونے کمار کھلر کی سربراہی میں این ایچ ڈبلیو بٹوت ، کشتواڑ پر کافی تعداد میں مسافروں ، ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کے ساتھ بات چیت کی اورانہیں ٹریفک قوانین پر عمل پیرا رہنے کی ہدایات دیں اور کہاکہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہم سب کا یہ فرض ہے کہ ہم ٹریننگ قوانین کی پاسداری کریں کیونکہ قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت کے لئے ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ ٹریفک قوانین سے متعلق یہ جانکاری مہم ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی سربراہی میں شروع کی گئی ہے ۔ اے ایس پی ہیڈ کوارٹر ڈوڈہ ونے کمار لوگوں سے کہاکہ وہ ڈرائیوروں کو تیز رفتار ڈرائیورنگ ، اور کوڈنگ سے باز رہنے کی تلقین کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کی متعلقہ محکمہ پاس شکایت درج کرائیں تاکہ قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
بانہال، بٹوٹ اوررام بن شاہرہ پارکنگ میں تبدیل
ایم ایم پرویز
رام بن// قومی شاہراہ کے ساتھ آباد بانہال، بٹوٹ اوررام بن کے رہائش پذیر لوگوں نے ضلع انتظامیہ پہ الزام عائد کیاہے کہ قومی شاہراہ کے ساتھ واقع عوامی مقامات کواس نے گاڑیوں کی پارکنگ میں تبدیل کرکے رکھ دیا ہے جس کے نتیجہ میں ان کے جان ومال کا تحفظ داؤپر لگ گیا ہے ۔ ان علاقوں کے لوگوں کاکہناہے کہ انہوںنے یہ معاملہ متعدد بار متعلقہ سرکاری حکام کی نو ٹس میںلایا مگر ہماری آواز نقار خانے میں طوطی کی آواز ثابت ہوئی ۔ انہوں نے کہاکہ گاڑیوں کی بھاری بھیڑ بھاڑ کی وجہ سے ان علاقوں سے گذرنا ان کیلئے جان لیوا بن گیا ہے ۔ لوگوںنے مزید کہا کہ ان علاقوں کے ایگزیٹیکٹو آفیسر عوام کو درپیش مشکلات کو دورکرنے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ ان لوگوں نے مطالبہ کیا کہ آٹو اورسومو ڈرائیوروں کوا لاٹ کی گئی زمین کا فوری طور سے جائز ہ لیا جائے اورناجائز تجاوزات کو فوری طورپر سے ہٹایا جائے ۔ تاکہ مقامی لوگوں کو راحت مل سکے ۔