سرینگر//حریت (گ)،دختران ملت، پیپلز فریڈم لیگ، پیپلز لیگ،سالویشن مومنٹ اور لبریشن فرنٹ (آر)نے اگلر پلوامہ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں کشمیر میں انسانی جانیں ضائع ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے جموں کشمیر میں انسانی خون بہانے کا سلسلہ جاری ہے۔اپنے ایک بیان میں کہا کہ جموں کشمیر میں جو بھی خون خرابہ ہورہا ہے اس کی تمام تر ذمہ داری بھارت کے حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جو مسئلہ کشمیر کو اس کے جمہوری اور تاریخی پسِ منظر کی روشنی میں حل کرنے کے بجائے صرف اور صرف بندوق اور بارود سے حل کرنا چاہتا ہے۔ گیلانی نے کہا کہ یہ سرفروش کشمیری قوم کی مظلومیت اور محکومیت ختم کرنے کے لیے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور ہم پر ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ان کی قربانیوں کی لاج رکھتے ہوئے حصولِ مقصد تک جدوجہد کو ہر قیمت پر اور ہر صورت میں جاری وساری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی غیر یقینی سیاسی صورتحال اور عدمِ استحکام کی وجہ سے قیمتی انسانی زندگیاں بھینٹ چڑھ رہی ہیں اور اس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکمرانوں پر عائد ہوجاتی ہے، جو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کا احترام کرنے کے بجائے اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر اڑے ہوئے ہیں۔ حریت چیرمین نے کہا کہ بھارت کے غیر حقیقت پسندانہ رویہ کی وجہ سے جموں کشمیر میں قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف برابر جاری ہے۔بیان کے مطابق گیلانی کی ہدایت پر محمد اویس، سجاد احمد اور محمد اقبال پر مشتمل تحریک حریت کا ایک وفددربگام پلوامہ گیا جہاں انہوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ دختران ملت نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نوجوان دانستہ طورجہاد کا راستہ اپنا کر بھارتی افواج سے نبرد آزما ہیں۔تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ ان جوانوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا اور یہ قربانیاں ضرور ثمر آور ثابت ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کے تئیں قومی ذمہ داری یہ ہے کہ ان کی حفاظت کی جائے۔ پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان،پیپلز لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع ،سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ اورلبریشن فرنٹ ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر نوجواں اسلام کی سربلندی اور جموں کشمیر کی آزادی کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے تحریک آزادی کی اپنے پاک لہو سے آبیاری کرتے ہیں ۔