جموں//پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے جموں صوبے کے متعلقہ محکموں کے سربراہوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان محکموں کے اُن افسروں اور اہلکاروں کی فہرست 15 دنوں کے اندر اندر انتظامی محکمے کو بھیج دیں جو منسلک کئے گئے ہیں ۔وزیر نے یہ ہدایات آج متعلقہ محکموں کی ایک جائیزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔ جنگلات اور ماحولیات کے وزیر مملکت میر ظہور احمد بھی اس میٹنگ میں موجود تھے ۔ کوہلی نے کہا کہ حکومت نظام میں شفافیت لانے کی وعدہ بند ہے تا کہ عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹیچمنٹ سے افسر اور اہلکار مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر پائیں گے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ خالی پڑی تمام اسامیوں کی نشاندہی کی جانی چاہئیے تا کہ انہیں تیز تر بنیادوں پر پُر کیا جا سکے ۔ انہوں نے پنتھال شیپ فارم میں لیبارٹری کے کام کاج کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس لیبارٹری پر 1.5 کروڑ روپے صرف کئے جا رہے ہیں ۔ اس موقعہ پر چٹھا میں گھاس اُگانے اور بیلی چرانہ میں پولٹری فارم کیلئے زمین تفویض کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر مملکت میر ظہور احمد نے افسروں سے کہا کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سکیموں کو موثر ڈھنگ سے عملایا جانا چاہئیے تا کہ عام لوگوں کو فائدہ مل سکے ۔ پشو پالن محکمے کی طرف سے اس موقعہ پر اپنے کام کاج کے حوالے سے تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر ماہی پروری آر این پنڈتا ، ناظم پشو پالن جموں کے کے بھردواج ، ڈائریکٹر شیپ جموں کے کے شرما کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔