سرینگر// ڈیموکریٹک لبریشن پارٹی کے چیئرمین ہاشم قریشی نے پاکستانی وزیر اعظم کے بیان پراپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ہر انسان کو آزاد اور خود مختار رہنے کا جمہوری حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان آرپار کشمیر سے اپنی فوجیں نکال کر کشمیریوں کو ملنے کا موقع دیں تو خود مختار کشمیر وجود میں آئے گا۔ انہوں نے مذاکرات کار کی تعیناتی کو وقت ضائع کرنے کے عمل سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ جب ہندوستانی حکومت نے 2010 کے مذاکرات کاروں کی رپورٹ پر عمل در آمد نہیں کیا تو آج 2017 میں کس طرح ممکن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان مذاکرات اور بات چیت کو حقیقی معنوں میں کامیاب بنانا چاہتا ہے تو زمینی صورتحال کو پر امن بنانے کے لئے ظلم و تشدد بند کرنا ہوگا ،یکطرفہ سیز فائیر کر نا ہوگا اور مین اسٹریم پارٹیوں کے بجائے آزادی پسند لیڈروں سے غیر مشروط بات چیت کرنی ہوگی۔