گول//علاقہ گنڈی کے لوگوں نے آج جموں سرینگر ریلوے لائن جو سب ڈویژن گول کے داڑم اور گنڈی علاقہ سے گزر رہی ہے اور اس پر مختلف کمپنیاں کام کر رہی ہیں ۔ اس موقعہ پر گنڈی کے لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ یہاں گنڈی علاقہ سے ایک ٹنل گزر رہا ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ اس ٹنل کو داڑم کے نام سے رکھا گیا ہے اور یہاں پر گنڈی کے نوجوانوں کے ساتھ امتیاز برتا جا رہا ہے جسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اس احتجاج کی قیادت عبدالرشید چندیل نیشنل کانفرنس کے بلاک صدر کر رہے تھے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے عبدالرشید چندیل نے کہا کہ اگر چہ داڑم سے گنڈی کی جانب ریلوے لائن آ رہی ہے اور پہلا ٹنل داڑم میں ہے اور گنڈی میں جو ٹنل ہے اُسے بھی داڑم میں ہی رکھا گیا ہے نام بھی داڑم رکھا گیا اور یہاں پر جتنے بھی مزدور لگتے ہیں وہ چور دروازے سے لگائے جاتے ہیں اور گنڈی کے لوگوں کے ساتھ سخت نا انصافی کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کو بھی ایک یادشت دی ہے اور گول کی انتظامیہ بھی یہاں کی صورتحال سے با خبر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہاں پر ایچ سی سی کمپنی کام کر رہی تھی اور اب یہاں پر گامون کمپنی آ رہی ہے لیکن یہاں پر بھی گنڈی کے نوجوانوں کو لگنے نہیں دیتے ہیں اور اگر یہاں کے نوجوانوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوا تو ہم مزید احتجاجی مظاہرے کرنے پر اُتر آئیں گے ۔ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ یہاں نہ صرف گنڈی کے لوگوں کے ساتھ ریلوے کاموں میں سوتیلا سلوک رکھا جا رہا ہے بلکہ باقی تمام مسائل سے دور رکھا جا رہا ہے گنڈی کے لوگوں کو اور اسے اب برداشت نہیں کیا جائے گا ۔