سرینگر//محکمہ سکول ایجوکیشن کی خصوصی معائنے کی ٹیموں نے وادی کشمیر کے تمام امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا تاکہ سالانہ بورڈ امتحانات کااحسن اورخوش اسلوبی سے انعقاد یقینی بن سکے۔ڈائریکٹوریٹ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این یتو کی طرف سے یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ 10ویں اور12ویں جماعت کے بلا خلل اوربلا مداخلت امتحانات کے انعقاد کے لئے لازمی اقدامات کئے جانے چاہیں تاکہ امیدواروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔خصوصی ٹیموں نے اننت ناگ،بانڈی پورہ،بڈگام ،بارہمولہ ،گاندربل ،کپوارہ ،کولگام،پلوامہ اور سرینگر کے علاوہ شوپیان کے امتحانی مراکز کا اچانک معائنہ کیا۔اس دوران کئی امتحانی مراکز میں امیدواروں نے کئی معاملات اُٹھائے جنہیں محکمہ کے آفیسران کے ذریعے موقعہ پر ہی حل کیا گیا۔دریںاثنا¿ ناظم تعلیم نے امتحانات کے احسن طریقے سے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔اُدھر ناظم تعلیم نے جسمانی طور ناخیز بچوں کے ملازمین کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔اس موقعہ پر انہوں نے ملازمین کو یقین دہانی دی کہ اُن کے مسائل اورمعاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔