سرینگر//وزیر اعلیٰ کی شکایتی سیل کو آئے دن یہ شکایات موصول ہورہی ہیں کہ عوامی ٹرانسپورٹ ،خاص کر بسوں اور منی بسوں میں سیٹنگ کا نظام کافی تکلیف دہ ہے، جس سے لوگوں خصوصاً خواتین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔شکایات میں کہا گیا ہے کہ وہ سیٹنگ سہولیات دستیاب رکھنے کے لئے ٹرانسپورٹرقواعد وضوابط کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہیں تاکہ وہ لوگوں کی مشکلات کی آڑ مین زیادہ سے زیادہ رقم کماسکیں۔ان باتوں کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی شکایتی سیل کے کوارڈینیٹر تصدق مفتی نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ایک ہفتہ مہم چلانے کی ہدایت دی جو کہ 6نومبر کو پانتہ چوک سے شروع ہوئی جس دوران بسوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سیٹنگ نظام کی جانچ کی گئی ۔جس کے بعد اُن ٹرانسپورٹروں کے خلاف کارروائی کی گئی جنہوں نے لوگوں کےلئے غیر آرام دہ سیٹنگ سہولیات دستیاب رکھی تھیں۔عوامی حلقوں نے ان اقدامات کی سراہنا کی ہے۔