سرینگر//نیشنل کانفرنس نے مخلوط حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخلوط حکومت اقربا پروری کو دوام بخشنے میں مصروف ہے اور مستحق بے روزگار نوجوانوں کے حقوق پر شب خون مانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک بیان میں پارٹی کے صوبائی ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تمام قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر نہ صرف نوکریاں فراہم کررہی ہے بلکہ بڑے بڑے عہدوں کو بھی پُر کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر، کمشنر اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی تقرریاں بنا قواعد و ضوابط اور بغیر پروٹوکول کے عمل میں لائی جارہی ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے طرز عمل سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ قابلیت، تجربے اور سینیارٹی کی موجودہ دور میں کوئی اہمیت نہیں۔صوبائی ترجمان نے کہا کہ حالیہ ایام میں جو تقرریوں عمل میں لائی گئی ہیں ،اُن کاکوئی جواز نہیں ۔ حکومت کے اس طریقہ کار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جن امیدواروں نے ایسے عہدوں پر پہنچنے کیلئے سالہال خون پسینہ ایک کیا ہے ،انہیں ایک منظم طریقے سے نظرانداز کیا جارہا ہے۔