سرینگر//ترقیاتی کمشنر سرینگر سید عابد رشید شاہ نے کل پانتہ چھوک اورخانیا رتحصیلوں کا دورہ کرکے وہاں عوام کے لئے دستیاب سہولیات کا جائز ہ لیا۔اس موقعہ پر تحصیلوں میں محکمہ مال کے متعلقہ آفیسران کو سختی سے یہ ہدایات دی گئیں کہ وہ عوامی خدمات اورلوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ہمیشہ متحرک رہیں۔متعلقہ آفیسران کو دفاتر میں انتظار گاہوں اور صفائی ستھرائی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ترقیاتی کمشنر نے پانتہ چھوک میں نئے تحصیل آفس کی تعمیر کے لئے جگہ کی نشاندہی کرنے کے احکامات دئے ۔بعد میں ترقیاتی کمشنر خانیار تحصیل ،ہاری پربت اوربادام واری کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے یہاں کی عظمت رفتہ کی برقراری کے لئے لازمی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر کئی عوامی وفود نے ترقیاتی کمشنر کے سامنے اپنے معاملات اور مشکلات رکھے۔ترقیاتی کمشنر نے ہاری پربت میں قلعہ کے غیراطمینان بخش رکھ رکھائو پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور اس تاریخی قلعے کے بہتر رکھ رکھائو کے لئے محکمہ سیاحت کو لازمی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔