جموں//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات اورامور صارفین چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ آج محکمہ کے افسران کو الیکٹرانک پبلک ڈسٹربیوشن سسٹم ( ای پی ڈی ایس ) کی عمل آوری کو ریاست میں کامیاب بنانے کے لئے ایک فعال کردار اداکریں ۔وزیر ریاست میں ای پی ڈی ایس کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ نظام کو مکمل طور شفاف بنانے کے لئے ای پی ڈی ایس کے ہر پہلو کو جلد از جلد مکمل کرنا لازمی ہے تاکہ اس نظام کے اثرات زمینی سطح پر محسوس کئے جاسکیں۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محکمہ خوراک ، شہری رسدات اورامور صارفین معراج الدین خان،ناظم خوراک ، شہری رسدات اورامور صارفین کشمیر، نثار احمد وانی ،ناظم خوراک ، شہری رسدات اورامور صارفین جموں آر اے انقلابی ، ڈپٹی سیکرٹری ارون کوتوال ، جوائنٹ ڈائریکٹر س خوراک ، شہری رسدات اورامور صارفین جموں ، صوبہ جموں کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر س اور محکمہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔دوران میٹنگ وزیر نے اہداف کی تکمیل سے متعلق ضلع وار رِپورٹوں پر بحث و تمحیص ہوئی۔اُنہوںنے افسران کو صحیح مستحق کو صحیح زمرے میں رکھنے کی ہدایت دی تاکہ راشن کے تقسیمی نظام میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ریاست میں سپلائی چین منیجمنٹ کو آزمائشی طور چالو کرنے کی رفتار پر غور و خوض کرنے پر وزیر نے کہا کہ یکم دسمبر 2017 کو ریاست میں سپلائی چین منیجمنٹ کو چالو کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سپلائی چین منیجمنٹ کو رسمی طور چالو کرنے سے قبل تمام متعلقہ کاموں کو مکمل کرنے کی ضرور ت ہے۔آدھار سے راشن کارڈوں کو منسلک کرنے کے سلسلے میں ذوالفقار نے ضلع وار رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو 20دنوں کے اند ر اہداف کو مکمل کرنے کے لئے کہا۔صوبہ کشمیر میں آدھار سے راشن کارڈوں کو منسلک کرنے کی سست رفتار کی نوٹس لیتے ہوئے وزیر نے مختلف اضلاع کے لئے اہداف مقرر کیا اور متعلقہ حکام کو یہ کام 15دن کے اندر مکمل کرنے کے لئے کہا۔سرکاری راشن ڈیپوئوں اور فیئرپرائس دکانوں پر پائیلٹ بنیاد پرپی او ایس مشنیوں کی تنصیب کے بارے میں وزیر نے کہا کہ ضلع سانبہ میں 12نومبر کو پی او ایس مشین کی تنصیب شروع کی جائے گی۔مستحقین بالخصوص صوبہ جموں کے صارفین میں راشن کارڈوں کی تقسیم کاری کی سست رفتار کی نوٹس لیتے ہوئے وزیر نے متعلقہ حکام کو فوری طور تمام زمروں کے صارفین میں راشن کارڈ تقسیم کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر کو مطلع کیا گیاہے کہ صوبہ کشمیر میں راشن کارڈوں کی تقسیم کاری کا عمل تقریباً مکمل ہوچکا ہے ۔وزیر نے محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کو اپنے اضلاع میں راشن کارڈوں کی تقسیم کاری سے متعلق یومیہ رپورٹ نامزد کئے گئے نوڈل آفیسر کو پیش کرنے کی ہدایت دی ۔محکمہ کی جموں اور کشمیر صوبوں کی نظامتوں میں کال سینٹر کم کمانڈاینڈ کنٹرول روم کے قیام سے متعلق وزیر کو بتایاگیا کہ دونوں صوبوں کے ناظمین نے حید ر آباد کادورہ کر کے وہاں کے نظام سے متعلق جانکاری حاصل کی اور ریاست میں عنقریب اس پر کام شروع کیا جائے گا۔وزیر نے محکمہ کے افسران کو تمام پرانے ریکارڈ س کی ڈیجیٹائزیشن کی ہدایت دی۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ ایس آر ٹی سی کے واجبات تب تک ادا نہیں کئے جائیں گے جب تک کہ ادارہ غذائی اجناس لے جانے والی گاڑیوں میں جی پی آر ایس نصب نہیں کرتا ۔ اس سلسلے میں انتظامی محکمہ عنقریب ایک حکمنامہ جاری کرے گا۔بعد میں وزیر نے محکمہ کے تمام دفاتر اور سٹوروں میں حاضری نظام کے لئے بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب کا جائزہ لیا۔