بھدرواہ //خطہ چناب ، بالخصوص بھدرواہ کے عوام کو درپیش مسائل پر غور و خوض کرنے کے لئے نیشنل کانفرنس کارکنان کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت صوبائی سیکرٹری شیخ محمد شفیع نے کی۔ ڈاک بنگلہ میں منعقدہ اس میٹنگ میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں اور ڈیلی گیٹوں نے شرکت کی۔ مقررین نے موجود ہ حکومت کی طرف سے خطہ چناب کے تئیں اپنائی گئی روش کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل ضلع بھدرواہ کے ساتھ ترقیاتی کاموں اور فنڈز کی فراہمی میں امتیاز برتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں بسنے والے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں، انہیں روز مرہ کی ضروریات کی چیزیں بھی دستیاب نہیں ہیں۔ مرکزی سرکار کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت بھی لوگوں کے مسائل کے ازالہ میں ناکام ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھدرواہ کے لوگ خود کوٹھگا ہوا محسوس کر رہے ہیں، حکمران اتحاد نے انہیں سبز باغ دکھا کر ووٹ بٹور لئے لیکن اب پچھلے تین برس سے وہ پوری طرح سے نظر انداز ہیں اور انہیں ہر طرف سے مسائل کا سامنا ہے ، سڑکیں خستہ حال ہیں، تعلیمی اور طبی اداروں میں عملہ نہیں ہے ، راشن گھاٹ خالی پڑے ہیں، بجلی اور پانی کی سپلائی ضروریات کے مطابق نہیں ہو پا رہی ہے ۔ اس کے بعد نیشنل کانفرنس کارکنان نے ایڈیشنل ڈی سی کو بھدرواہ اور بھلیسہ کے عوام کو درپیش مسائل پرمشتمل یک یادداشت پیش کی۔ مقررین میں فتح علی شاہ، پرتھوی راج، بشیر احمد کیلو، دھن راج، وید راج بھگت، محمد امین بیگ اور دیگران شامل تھے۔