سرینگر//شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسزصورہ میں سوائن فلو مریضوں کیلئے مخصوص طور پر بنائے گئے وارڈ میں داخل5مریضوں میں سے ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سوائن فلو مریضوں کیلئے بنائے گئے وارڈ میں گاندر بل سے تعلق رکھنے والے 80سالہ معمر شخص کی حالت نازک بنی ہوئی ہے جبکہ مخصوص وار ڈ میں دیگر 4مریضوں کا علاج و معالجہ جاری ہے۔ادھر سی ڈی اسپتال میں قائم کی گئی H1N1لیبارٹری پچھلے کئی ماہ سے سوائن فلو کیلئے درکار Confirmation Kitsکے بغیر کام کررہی ہے۔ وادی میں ابتک5افراد سوائن فلو کی وجہ سے موت کا شکار ہوگئے ہیںجبکہ 5افراد ابھی بھی سکمز صورہ میں قائم مخصوص وارڈ میں زندگی اور موت کی جنگ لڑرہے ہیں۔ سکمز ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سوائن فلو کے مریضوں کیلئے بنائے گئے مخصوص وارڈ میں گاندربل سے تعلق رکھنے والے 80سالہ معمر شخص غلام احمد لون، 30سالہ بلال احمد ساکن جامع مسجد سرینگر اورکنہ کدل سرینگر کی رہنے والی55سالہ خاتون کے علاوہ مزید 2افراد زیر علاج ہیں۔سوائن فلو وارڈ میں زیر علاج ایک مریض کے تیمار دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ’’ 80سالہ بزرگ کی حالت نازک بنی ہوئی ہے جبکہ سوائن فلو کے مریضوں کو تشخیصی ٹیسٹوں سے لیکر علاج و معالجے کیلئے اسپتال میں بھاری رقومات صرف کرنا پڑ رہی ہیں۔ مذکورہ تیماردار نے بتایا کہ وارڈ میں داخل پانچوں مریض دمے کے شکار ہیں اور چھاتی میں سخت درد کی شکایت کررہے ہیں۔سکمز صورہ میں زیر علاج مریضوں کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کیلئے کشمیر عظمیٰ نے سکمز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اے جی آہینگر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔معلوم ہوا ہے کہ سوائن فلو مریجوں کے بارے میں کوئی بھی معلومات فراہم کرنے پر حکام نے پابندی لگا دی ہے۔ادھرمیڈیکل کالج سرینگر کے اعلیٰ افسران کی یقین دہانیوں اور کارپوریشن کی طرف سے این او سی جاری کرنے کے باوجود بھی سی ڈی اسپتال میں مخصوص لیبارٹری میںConfirmations kits )کنفارمیشن کٹس ) دستیاب نہیں ہیں۔ جموں صوبے کے بعد جہاں وادی سوائن فلو کی لپیٹ میں آگئی ہے وہیں دوسری جانب سی ڈی اسپتال میں قائم کی گئی مخصوص H1N1لیبارٹری ابھی بھی Corfirmations kitsکی عدم دستیابی کی وجہ سے سوائن فلو کی مکمل تصدیق نہیں ہوپارہی ہے۔ سی ڈی اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر احمد چودھری نے کہا ’’ لیبارٹری میں سوائن فلو کیلئے ابتدائی ٹیسٹوں کیلئے سامان دستیاب ہے تاہم سوائن فلو کی مکمل تصدیق کیلئے درکار Confirmation kit دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ Confirmation kits آئندہ ایک ہفتے کے اندر دستیاب ہونگے۔ سی ڈی اسپتال میں Confirmation Kitsکی عدم دستیاب کے بارے میں بات کرتے ہوئے گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے ترجمان اعلیٰ ڈاکٹر سلیم خان نے بتایا ’’میرا دائرہ اختیار صرف میڈیکل کالج تک ہے، سی ڈی اسپتال میری ذمہ داری نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر سلیم خان نے چند روز قبل اس بات کی یقین دہائی کرائی تھی تاہم دو ہفتوںسے گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کا یہ اہم شعبہ بے کار بیٹھا ہوا ہے۔