کشتواڑ//حضرت شاہ اسرار الدین ؒ بغدادی کشتواڑی کا عرس مبارک روایتی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شاہ صاحب کا عرس ہر برس 25کارتک بکرمی کو کشتواڑ میں منایا جاتا ہے جب کہ اس عرس کی مناسبت سے ڈوڈہ، بھدرواہ ، رام بن اور بٹوت کے علاوہ دیگر کئی مقامات پر ذکر و اذکار کی محافل منعقد کی جاتی ہیں۔عرس مبارک کے حوالہ سے پچھلے دس روز سے ذکر و اذکار اور ختمات و معظمات کی پر نور مجالس کا اہتمام کیا جا رہا تھا جس میں ضلع کے دور دراز مقامات سے آئے ہوئے عقیدتمند وں نے شرکت کی۔ آج صبح سے ہی ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے آستانہ عالیہ پر حاضری دی اور سلام پیش کیا۔ اہل اسلام کے علاوہ غیر مسلموں کی بھاری تعداد بھی پائیں آستان آئے جہاں انہوں نے عقیدت کے پھول نچھاور کئے ۔ قابل ذکرہے کہ شاہ فرید الدین ولیؒ کے علاوہ شاہ اخیار الدین ؒ اور شاہ انوار الدین ؒ کا مزار کچھ دوری پر واقع ہے جب کہ شاہ اسرار الدین تاریخی چوگان کے ایک کنارہ پرمدفون ہیں جہاں سال بھر زائرین آتے رہتے ہیںلیکن ان کے عرس مبارک پر کم و بیش ایک لاکھ عقیدتمند آستان عالیہ پر حاضر ہوئے۔ وزیر مملکت برائے حج و اوقاف سید فاروق احمد اندرابی نے حضرت شاہ اسرار الدین بغدادی ؒ کی زیارت گاہ پر حاضری دی اس موقعہ پر وزیر نے سالانہ عرس مبارک میں شرکت کرنے آئے زائرین کے ساتھ بات چیت کی اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے ایام سے آپسی روا داری ، بھائی چارے اور اخوت کے رشتے مضبوط ہوتے ہیں ۔ اس موقعہ پر ارکان قانون سازیہ جی ایم سروری ، فردوس احمد ٹاک ، سابق ایم ایل سی سید اصغر علی اور کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے ریاستی عوام کی سماجی و روحانی بیداری کو یقینی بنانے میں حضرت شاہ اسرار الدین ؒ کے رول کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ حضرت شاہ اسرار الدین ؒ کی تعلیمات پر عمل پیرا رہیں ۔ وزیر نے اسلامیہ فریدیہ ایجوکیشنل اینڈ ریسرچ انسٹی چیوٹ کی سالانہ تقریب میں بھی شرکت کی ۔ انہوں نے اس ادارے کے کام کاج کی کافی ستایش کی ۔