سرینگر// عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے BJPاور اس کی حلیف جماعتوں کی طرف سے شیر میسور ٹیپو سلطان کی برسی کو لیکر کھڑے کئے تنازعے اور اس کی روشنی میں انہیں فرقہ پرست اور تنگ نظر ثابت کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے BJPکو مشورہ دیا ہے کہ وہ تاریخ کو مسخ کرنے کی بیہودہ سازشوں سے باز آ جائے ۔ہندوارہ اور لنگیٹ میں زندگی کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے تبادلہ خیال کے دوران انجینئر رشید نے کہا ”جو لوگ ٹیپو سلطان کو صرف اپنی وووٹ بنک کی خاطر تنگ نظر قرار دیکر تاریخ کو مسخ کرتے ہیں وہ ہندوستان کا کوئی بھلا نہیں کر رہے ہیں ۔ اپنے قومی محسنوں کو مذہب اور نسل کی بنیاد پر بانٹنا کسی مہذب قوم کا ہرگز شیوا نہیں ۔ تاریخ کے اوراق پلٹ کر دیکھیں تو عیاں ہو گا کہ شیر میسور نے ہندوستان کو انگریزوں سے چھڑانے کیلئے تب جان کی بازی لگا دیا جب بیشتر ہندو حکمران انگریزروں سے ساز باز میں مشغول تھے۔ ٹیپپو سلطان پر کیچڑ اچھالنے سے پہلے BJPاور اس کے حواریوں پر لازم ہے کہ وہ رانا پرتاپ اور شیوا جی کے دور اقتدار پر بھی نظر ڈالیں۔ اگر ٹیپو سلطان فرقہ پرست ہوتے تو وہ نہ ہی نظام حیدر آباد سے جنگیں لڑتے اور نہ ہی ان کے بیشتر وزراءاور عہدیدار ہندو فرقے سے ہوتے“۔ اگر BJPٹیپو سلطان کی اس لئے ملامت کرتی ہے کہ وہ ان کے بقول قاتل تھے تو بھلا جموں و کشمیر کے حکمران مہاراجہ ہری سنگھ کی طرف سے 1947میں 5 لاکھ مسلمانوں کا قتل عام انہیں نظر کیوں نہیں آ رہا ہے اور ان کے جنم دن کو چھٹی قرار دینے کا کیوں مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔ انجینئر رشید نے BJPکو مشورہ دیا کہ وہ اپنے دوغلے پن سے باز آ کر تعصب کی عینک کو اتار کر تاریخ سے سبق سیکھے اور پورے ہندوستان میں مسلمانوں کی شاندار تاریخ کو دوسرا رنگ دینے سے گریز کرے۔