سرینگر// تعلیم کے ریاستی وزیر سید الطاف بخاری نے12ویں جماعت کے طلاب کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں کمسٹری پرچہ میں دوسری مرتبہ شرکت کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ پریس کالونی میں سنیچر کو طلاب کی طرف سے احتجاجی مظاہرکے بیچ ہی سید الطاف بخاری پریس کالونی پہنچے اور طالب علموں سے گاڑی سے اترتے ہی پوچھا کہ وہ کیوں احتجاج کر رہے ہیں۔ احتجاجی طلاب نے وزیر سے کہا ’’ہمارا کمسٹری کا پرچہ نصاب سے باہر تھااور ہم اس کا دوبارہ امتحان چاہتے ہیں‘‘۔اس موقعہ پر وزیر تعلیم نے احتجاجی طلاب کو یقین دہانی کرائی کہ’’جن طلاب کو شکایت ہے اور محسوس کرتے ہیں کہ وہ دوبارہ کمسٹری پرچہ کے امتحانات میں شرکت کرنا چاہتے ہیں،کو دوبارہ موقعہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں اس بات کا اعتماد ہے کہ انہوں نے کمسٹری پرچہ میں پہلے ہی بہتر کار کردگی پیش کی ہے،کو دوبارہ امتحانات میں شرکت کی ضرورت نہیں‘‘۔ الطاف بخاری نے کہا’’ اگرچہ ہم نے از خود جانچ کی کہ کمسٹری کا سوال نامہ نصاب میں ہی تھا،تاہم میں نے بار بار کہا ہے کہ میں طالب علموں کا نمائندہ ہوں‘‘۔وزیر کی طرف سے یقین دہانی کے بعد طلاب نے اطمینان کا اظہار کیا اور پرامن طور پر منتشر ہوئے۔ پیر کو12ویں جماعت کے طلاب نے کمسٹری کے پرچہ میں امتحانات کے دوران اس بات کا الزام عائد کیا تھا کہ جو سوال نامہ انہیں دیا گیا،وہ نصاب سے باہر تھاجس کے بعد سے ہی انہوں نے احتجاج کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔