پلوامہ //شوپیاں اور پلوامہ اضلاع کی سرحد پر واقع درجنوں دیہات میں دوران شب فورسز کی جانب سے شروع کیا گیا آپریشن پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا ۔کہیں پر فورسز اور جنگجوئوں کا آمنا سامنا نہ ہوا اور نہ کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ راشٹریہ رائفلز کی 44،53،55 آر آرکے علاوہ سی آرپی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے کیلر، قصبہ یار، بٹہ پورہ، گلاب ٹینگ، مژھ پورہ، بامنو، میر پورہ، کیلر چیک، نادی پورہ وغیرہ کا محاصرہ کیا۔دس بجے کے قریب فوج نے ان علاقوں کی طرف جانے والے تمام راستے انتہائی سختی کے ساتھ سیل کردئے جس دوران نہ کسی کو وہاں کی طرف جانے اور نہ ہی کسی کو باہر آنے کی اجازت دی گئی۔مقامی لوگوں کے مطابق کچھ ایک مقام پر کریک ڈائون کے دوران نہ صرف مردوں کو نوے کی دہائی کی طرح ایک ہی جگہ جمع کرکے ان کی شناختی پریڈ کروائی گئی بلکہ دوسری جانب رہائشی مکانوں کی تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا گیا ۔فورسز کو ان علاقوں میں جنگجو ئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی تاہم وسیع پیمانے پر تلاشی کارروائی کے باوجود بھی اس علاقے میں کہیں پر بھی فورسز اور جنگجوئوں کا آمنا سامنا نہیں ہوا اور نہ کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ ادھر زینہ پورہ کے چڈی پورہ اورریشی پورہ نامی دیہات کا فسٹ آر آر نے جمعہ کی رات کریک ڈائون کیا تاہم کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔