سرینگر//طلاب سے زیادہ فیس وصول کرنے کی شکایات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر نے پرائیوٹ سکولوں کو ہدایات دیں ہیں کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر فیس کی تفصیلات مشتہر کریں۔حکمنامے میں وارننگ دی گئی ہے کہ اگر ایک ہفتے میں کوئی سکول ایسا کرنے سے قاصر رہا تو اسکی رجسٹریشن ختم کی جائیگی۔ڈائریکٹر سکولز ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا ہے ’’ ڈائریکٹوریٹ آفس کی نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ کچھ پرائیوٹ سکول، خاص طور پر کچھ اضلاع میں مانے جانے والے سکول، من چاہے ڈھنگ سے فیس کی وصولیابی کررہے ہیں‘‘۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے ’’SRO-123 میں پہلے ہی فیس سے متعلق میکانزم طے کیا جاچکا ہے جس پر رجسٹرڈ پرائیوٹ سکولوں نے اتفاق بھی کیا تھا‘‘۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے ’’ ایس آر او کے تحت ہر سال پڑھائی کا سیشن شروع ہونے سے قبل ہر کسی پرائیوٹ سکول کو لوگوں کی آگاہی کیلئے فیس کا ڈھانچہ مشتہر کرنا ہوگا،اور ایڈمشن فیس صرف ایک ہی دفعہ لیا جائے،علاوہ ازیں طلاب کے فیس میں اضافہ سے متعلق فیصلہ والدین کیساتھ طے کرکے ڈائریکٹر کو اسکے بارے میں مطلع کرنا ہوگا‘‘۔ایس آر او کے تحت پرائیوٹ سکولوں پر لازم ہے کہ وہ ہر سیشن کے بارے میں تفصیلات مشتہر کریں، لہٰذا اسکی یاد دہانی کرانے کیلئے سکولوں کے منتظمین کو ہدایات دی جارہی ہیں کہ وہ سرکاری احکامات پر عمل کریں، بصورت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔