نگروٹہ//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر و ایم ایل اے دیویندر سنگھ رانا نے مرکزی وزارت داخلہ کے ٹیم کا جموں و کشمیر میں حقیقی کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحدوں کا دورہ کرنے پر اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ اس دورے سے سرحدی آبادی کے مشکلات حل کرنے میں مدد ملے گی،جو کہ لگاتار شیلنگ کی وجہ سے پریشان ہیں۔ ممبر اسمبلی نے ان باتوں کا اظہارسنیچر کے روز نگروٹہ اسمبلی حلقہ کے نو پنچایتوں کے ایک روزہ دورے کے دوران کارکنوں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے سرحدی لوگوں کی سیکورٹی کے لئے کچھ نہ کرنے پر سرکار کی مذمت کی۔ اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ بینکرس، شلٹر شیڈس ،پانچ مرلہ پلاٹ کی الاٹمنٹ اورملازمت کے لئے خصوصی مہم شروع کی جائے گی اور اسے مقررہ وقت میں پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے خاص مطالبات تھے جن کو پُرکرنے کے لئے کھوکھلے وعدے کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے مسائل کے تئیں ہمدردانہ رویہ اپنانے کی ضرورت ہے،تاکہ ان کی پریشانیوں کا ازالہ ہو سکے۔انہوں نے مختلف مرکزی سکیموں کے تحت استعمال شدہ فنڈذ کے آڈٹ کیلئے مرکزی سیکرٹریوں کی ایک بااختیار کمیٹی کا بھی مطالبہ کیا اورکہا کہ ایساکرنا اسلئے ضروری ہے کیونکہ لوگ اب پی ڈی پی۔بی جے پی سرکار کی ناقص کارکردگی سے تنگ آگئے ہیں۔انہوں نے مرکزی ٹیم کی جانب سے سرحدی علاقوں کا جائزہ لیناریاستی سرکار کی ناکامی کے مترادف قرار دیا کیونکہ ریاستی سرکار سرحدی لوگوں کی امنگوںکو پورا کرنے میںناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ان علاقوں کے دورے کے دوران لوگوں نے اپنے اپنے مشکلات سے انہیں آگاہ کیا تھا اور مرکزی و ریاستی سرکار کے خلاف ناراضگی کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں اقتصادی سرگرمیوں پر ٹھہرآئو آیا ہے کیونکہ لوگ اپنے آپ کو بچانے کے لئے محفوظ مقامات کی طرف بھاگ رہے ہیں۔ایم ایل اے نے کہا کہ نگروٹہ حلقہ میں بھی سرکار کی غلط پالسیوں کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کا عوام اپنے آپ کو نظر انداز محسوس کر رہے ہیں کیونکہ بی جے پی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورا کرنے میں ناکام رہی ہے جسکی مثال حالیہ جموں بند ہے جس میں لوگوں نے پورا تعاون دیا اور جموں بند کو کامیاب بنایا ۔انہوںنے کہا کہ اس سے سرکار کی آنکھیں کھلنی چاہیں ،انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کافقدان ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار کی ناکامی سے عام آدمی کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔انہوں نے گورڈاسے لسو تک کی سڑک اور چکھڑ میں25کے وی اے ٹرانسفارمر نصب کرنے کے لئے اپنے حلقہ ترقیاتی فنڈ سے پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ۔اس موقعہ پر بی جے پی کے کئی کارکناں نے نشینل کانفرنس کا ہاتھ تھاما ۔رانا نے نئے کارکنوںکاپارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ ااس سے پارٹی کو مزید تقویت ملے گی۔