سانبہ // وزیر برائے صنعت و حرفت چندر پرکاش گنگا نے طلاب میں تدریسی و غیر تدریسی سرگرمیوں کے بارے میں معمول کی جانکاری میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔وزیر موصوف آج گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول جکھ کے سالانہ دن کی تقریب کے موقعہ پر منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے جبکہ علاقے کے معروف سماجی کارکن اور آئی او سی کے نائب صدر پریم وششٹ اعزازی مہمان تھے۔ سکول کے احاطے میں ششی پریم وششٹ پرائز ڈسٹری بیوشن کے عنوان سے منعقد ہوئی جس میں ہونہار طلاب میں سالانہ انعامات تقسیم کئے گئے۔اس موقعہ پر وزیر نے نئے تجدید شدہ بیڈ منٹن کورٹ کا افتتاح کیا اور طلاب کو غیر تدریسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر زوردیا۔ انہوں نے سکول عمارت کا بھی معائنہ کیا اور محکمہ تعمیرات عامہ کے چیف انجنئیرکو عمارت کی تجدید و مرمت کا کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ جی ایچ ایس ایس جکھ کو اپنانے کے بعد سے سکول میں کافی بہتری آئی ہے اور درس و تدریس سے متعلق سازو سامان اور کلاس رومز وغیرہ کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول کو ملک بھر کے25 سکولوں میں سے’اٹل ٹنکرنگ لیب‘ کے قیام کے لئے نیتی آیوگ کی معاونت سے منتخب کیا گیا ہے۔ پریم وششٹ جو کہ سکول کے فارغ التحصیل طلاب ہیں، نے دسویں اور بارہویں اور جماعتوں کے ذہین طلاب میں5 ہزار روپے کی مالیت کے چیک فی طالب علم پیش کئے۔ انہوں نے ادارے کے پرنسپل کو بھی اے ٹی ایل لیب کے قیام کے لئے ایک لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ وزیر اور پریم وششٹ نے چار کمروں پر مشتمل دو بلاکوں کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔اس موقعہ پر سکول کے طلاب نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا۔ تقریب میں چیف ایجوکیشن افسر، سکول کے پرنسپل، تعمیرات عامہ سانبہ کے چیف انجنئیر، ایس ڈی پی او، بی ڈی او اور معروف شخصیات موجود تھیں۔