بانہال // محکمہ صحت ضلع رام بن کی طرف سے ایمرجنسی ہسپتال بانہال میں جسمانی طور معذور اور ناخیز افراد کیلئے ایک روزہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت چیف میڈیکل افسر رام بن ڈاکٹر سیف الدین خان نے کی۔ اس موقع پر سب ڈویژن بانہال کے دور دراز اور قرب وجوار کے علاقوں میں ایک سو کے قریب افراد نے رجسٹریشن کرائی گئی اور اسی مستحق افراد کے حق میں موقع پر ہی مختلف وجوہات کی وجہ سے اپاہج اور جسمانی معذوری کی زندگی جینے والے افراد کے حق میں جسمانی ناخیزی کی اسناد وہاں موجود مختلف شعبوں کے ڈاکٹروں کی موجودگی چیف میڈیکل افسر رام بن ڈاکٹر سیف الدین خان ، بلاک میڈیکل افسر بانہال ڈاکٹر تنویر راتھر نے اجرا کردیں۔ اس موقع پر ضلع ہسپتال رام بن اور بانہال ہسپتال سے ڈاکٹروں کی ٹیم میں ماہر امراض ہڈی و جوڑ بانہال ڈاکٹر فرید وانی ، ENT سپیشل رام بن ڈاکٹر انیس ، ماہر چشم ڈاکٹر رام بن محمد رفیق اور ڈاکٹر شبیر احمد ڈار موجود تھے۔ اس موقع پر چیف میڈیکل افسر رام بن ڈاکٹر سیف نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع رام بن میں ہر ماہ اس طرح کے کیمپ مختلف علاقوں میں منعقد کئے جارہے ہیں تاکہ ہمارے سماج کے جسمانی طور ناخیز اور مستحق افراد کو اْن کے علاقوں میں ہی ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم کے ساتھ پہنچ کر اسناد تقسیم کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سرکاری اقدامات سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ہوئے افراد کو ضلع ہیڈکواٹر رام بن یا ادہمپور میں میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کے بجائے ان کیمپوں کو ضلع رام بن کی مختلف علاقوں میں قائم سرکاری ہسپتالوں میں جسمانی اور کاغذی جانچ پڑتال کے بعد مو قع پر اجرا کئے جانے سے ہمارے سماج کے ناخیز افراد کو راحت ملتی ہے۔