کشتواڑ// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی بلاک صدر چھاترو کی کانگریس میں شمولیت کی خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے پی ڈی پی کے ضلع صدر کشتواڑ شیخ ناصر حسین نے کہا ہے کہ انکی پارٹی کے بلاک صدر چھاترو نے نہ تو پارٹی سے علاحدگی اختیار کی ہے اور نہ ہی وہ کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔شیخ ناصر نے کانگریس ایم ایل اے غلام محمد سروڑی کی طرف سے سوشل میڈیا میں اس خبر کو پھیلانے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اس خبر کی تردید کی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ ناصر نے کہا کہ ایم ایل اے اور اسکے کچھ سپورٹرس من گھڑت اور بے بنیاد افواہیں پھیلا رہے ہیں جبکہ ان کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھاترو بلاک کیلئے پارٹی نے امسال ماہ مارچ میں راکیش سنگھ کو بلاک صدر نامزد کیا ہے جو کہ اس بلاک کے پہلے بلاک صدر ہیں کیونکہ اس سے قبل پارٹی میں بلاک صدور کی کوئی پوسٹ نہیں ہوا کرتی تھی۔ جموں میں پارٹی کی ایک اہم میٹنگ میں بلاک صدور کی تقرری کا فیصلہ لیا گیا تھا جس کی صدارت پارٹی کے صدر محبوبہ مفتی کر رہی تھیں اور اس نسبت ایک ریزولیشن جاری کیا گیا تھاجس کے بعد ہی بلاک صدرور کی نامزدگی ہوئی تھی۔شیخ ناصرنے مزید کہا ہے کہ ایم ایل اے اندروال جوکہ حلقہ میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں اب بوکھلاہٹ میں اس طرح کی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے عوام اور پارٹی کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ اسکی بے بنیاد خبروں کی طرف کان نہ دیں۔قاسم چوہدری کی کانگریس میں شمولیت کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو اندروال میں12ہزار سے زائد ووٹ حاصل ہوئے ہیں اور وہ بھی ان میں شامل ہو سکتا ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ پارٹی میں کسی عہدے پر فائز تھا ۔ میڈیا سے چھاترو کے بلاک صدرراکیش سنگھ نے بھی خطاب کیا اور ایم ایل اے کے دعوئے کوخارج کیا ہے۔اور کہا کہ وہ پارٹی میں کام کر رہے ہیں اورتا دم پی ڈی پی میں ہی کرتے رہیں گے۔