سرینگر/ /وائس چیئرمین ہینڈ ی کرافٹ اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن نظام الدین بٹ نے ہینڈ لوم اینڈ ہینڈکرافٹس کی کئی اشیاء بالخصوص قالینوں پر جی ایس ٹی شرحوں میں کمی لانے کے حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے اس فیصلے کو ایک بروقت فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے ہزاروں کی تعداد میں کاریگر کنبوں اور تاجر برداری کو فائدہ ملے گا ۔انہوں نے کہاکہ ان سیکٹروں میں پچھلے دو دہائیوں کے دوران کافی مشکلات جھیلنا پڑے ہیں اور انہیں واپس اپنی ڈگر پر لانے کے لئے حکومت کو کئی اختراعی اقدامات کرنا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تیار ہونے والی اشیاء قومی اور بین الاقوامی بازاروں تک پہنچائی جانی چاہئے تاکہ یہاں کی اقتصادیات میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع بھی پیدا ہوسکے ۔نظام الدین بٹ نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے تجارت کو بڑھاوا دینے اور یہاں کی دستکاری کو بین الاقوامی بازاروں تک پہنچانے کے لئے مختلف تجارتی اداروں سے تعاون طلب کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف سکیموں کی زمینی سطح پر عمل آوری کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دونوں سیکٹر عنقریب اپنی شان رفت بحال کریں گے اور اس سے جڑے افراد کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔