پی سی آئی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کیلئے میڈیا طلاب دلی روانہ
سرینگر//ریاست سے تعلق رکھنے والے 40میڈیا طلاب کا ایک گروپ پریس کونسل آف انڈیا کی نئی دلی میں 16نومبر کومنعقد ہونے والی گولڈ ن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لئے نئی دلی روانہ ہواہے۔ان کے ہمراہ اپنے اپنے اداروں کے فیکلٹی ممبران بھی ہیں۔اس دورے کے کاانعقاد محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے کیا ہے تاکہ ریاست کے میڈیا طلاب کو دنیا بھر کے شرکاءکے ساتھ استفسار کرنے کا پلیٹ فارم مہیا کرایا جاسکے جن میں ورلڈ ایسو سی ایشن آف پریس کونسلز ، پریس ایسو سی ایشنز ، میڈیا کونسلزاور دیگر میڈیا پروفیشنلز شامل ہیں ۔پی سی آئی کے مطابق اس سال کا تبادلہ خیال میڈیا کو درپیش چیلنجوں کے ارد گرد مرکوز رہے گا۔ واضح رہے کہ صحافت میں بہترین کارکردگی کے لئے قومی ایوارڈس بھی اس موقعہ پر ادا کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ ڈی آئی پی آر نے جموں و کشمیر کے میڈیا طلاب کے لئے ریاست کے اندر اور بیرو ن ریاست پیشہ وارانہ مواقع پیدا کرنے کے لئے کئی اقدامات شروع کئے ہیں تاکہ وہ جاب مارکیٹ کے عین مطابق صلاحیتوں کو نکھار بخش سکیں۔
سالویشن مومنٹ کے کارکن پر سیفٹی ایکٹ عائد
جموں// سالویشن مومنٹ جموں کے ترجما ن نے صوبہ جموں تنظیم کے سینئر لیڈر ہلال احمد بیگ کو سرینگر سے گرفتار کرکے پھر پی ایس ائے کے تحت کورٹ بلوال جیل بھیجنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے آر ایس ایس کو خوش کرنے اور جموں مسلمانوں کی آواز کو دبانے کیلئے یہ حربہ استعمال کیا ہے ۔
راجستھان میں گئو رکھشکوں کے ہاتھوںہلاکت قابل مذمت:میرواعظ
سرینگر//حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے الور راجستھان میں گائو رکھشکوں کے ہاتھوں ایک نہتے مسلمان عمر خان کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بھارت میں مسلمانوںکو انتہا پسندی کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور آئے روز گائو رکھشا کی آڑ میں نہتے مسلمانوںکو تہہ تیغ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے حقوق البشر کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہو رہی زیادتیوں اور نا انصافیوںکا سنجیدہ نوٹس لیں اور حکومت ہندوستان پر دبائو ڈالیں کہ وہ مسلمانوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
بالی بھگت نے نئے میڈیکل کالج پروجیکٹوں کا جائزہ لیا
جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے دو الگ الگ میٹنگوں کے دوران کٹھوعہ ، ڈوڈہ اور راجوری میں نئے میڈیکل کالج قائم کرنے ا ور ہاتھ میں لئے گئے صحت پروجیکٹوں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکریٹری صحت و طبی تعلیم کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وزیرنے میڈیکل کالجوں کے قیام کے لئے رقومات کی واگذاری ، اخرجات اور کئے گئے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوںنے متعلقین پر زور دیا کہ وہ تعمیراتی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے باہمی اشتراک سے کام کریں ۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ ہر ایک پروجیکٹ کے لئے 51کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں اور ٹینڈرنگ کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
گیلانی کا شبیر ابن یوسف سے اظہار ہمدردی
سرینگر// حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے گریٹر کشمیر کے سینئر صحافی شبیر ابن یوسف کے والد حاجی محمد یوسف پیر کی وفات پر اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دُعا کی ہے۔ انہوں نے شبیر ابن یوسف اور جملہ لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت پُرسی کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دست بدعا ہیں کہ اللہ تبارک وتعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق نصیب کرے اور مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے‘۔
گاندربل میں نقب زن گرفتار،مال مسروقہ برآمد
گاندربل//ارشاد احمد// گاندربل پولیس نے نقب زنی کا ایک کیس حل کرکے ملزمان کے قبضے سے مال مسروقہ برآمد کیا۔صفاپورہ پولیس تھانہ میں عمران اشرف ریشی ولد اشرف ریشی نے ایک تحریری رپورٹ میں بتایا کہ یکم نومبر کی رات کو کچھ نامعلوم افراد نے دوکان کی دیوار توڑ کر موبائل فون اور دیگر سامان چوری کرلیا تھا ۔صفاپورہ تھانہ نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون کی صدارت اور ڈی ایس پی گاندربل ڈاکٹر رمیز راجہ کی نگرانی میں ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ۔ پوچھ تاچھ کے دوران شبیر احمد ڈار ساکن صدرکورٹ بالا نے اعتراف کیاکہ اُس نے ہلال احمد میر ساکن صفاپورہ کے ساتھ ملکر نقب زنی کی ۔ اُن کے قبضے سے 19 موبائل فون ، 58ہیڈفون اور 20 موبائل چارجر کے علاوہ دیگر موبائل سامان بھی برآمد ہوا۔
اوشا ووہرا کی پروگرام میں شرکت
جموں//ریاست کی خاتون اول اوشا ووہرا نے راجیو نگر جموں کے ایک سکول میں واسو دیوا کتمبکم ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے بچوں کے دِن کے سلسلے میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کی۔اس موقعہ پر بچوں نے رنگارنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے۔اوشا ووہرا ان ثقافتی پروگراموں اور بچوں کی دیگر کارکردگیوں سے کافی متاثر ہوئی ۔انہوں نے بچوں کو معیاری تعلیم سے روشناس کرانے کے لئے وی کے ڈبلیو ایس کی ستائش کی۔انہوں نے سوسائٹی کے کام کاج کی تعریف کرتے ہوئے گورنر کی طرف سے انہیں آنے والے پروجیکٹ کے لئے مالی تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے وی کے ڈبلیو ایس کا سوئینر ’’سرجنگ سٹپس ‘‘ بھی جاری کیا ۔وی کے ڈبلیو ایس کی صدر وید کماری گھئے اور کئی دیگر شخصیات نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔
وزیر تعلیم کی ہدایت پر یوم اندراج کے طور پر منایا گیا
سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری ،سیکریٹری ایجوکیشن فاروق احمد شاہ اورناظم تعلیمات کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے یوم اطفال انرولمنٹ ڈے کے طور پر منایا۔انہوں نے اس موقع پر بچوں کو نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ بچوں کو موجودہ تقاضوں کے مطابق تعلیم فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرررہا ہے ۔وزیر تعلیم کی ہدایت پر ریاست بھر میں یوم اطفا ل یوم اندراج کے طور پر منایا گیا۔
پبلک انڈر ٹیکنگس کمیٹی کی میٹنگ
شعبہ سیاحت سے جڑے معاملات پر تبادلہ خیال
جموں // قانون سازا سمبلی کی انڈر ٹیکنگس کمیٹی کی ایک میٹنگ ممبر اسمبلی ست پال شرما کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں جے کے ٹی ڈی سی سے متعلق آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔ارکان قانون سازیہ جی ایم سروری ، راجا منظور احمد، محمد خلیل بند ھ ، عبدالمجید لارمی ، راجیو شرما اور وکر م رندھاو ا نے میٹنگ میں شرکت کی اور محکمہ کے آڈٹ پیراز کو جلد از جلد نمٹانے کے حوالے سے اپنی تجاویز دیں۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ کمیٹی بہو سے مبارک منڈی جموں تک کیبل کار پروجیکٹ کا موقعہ پر جائزہ لے گی۔ارکان نے ریاست میں سیاحتی سیکٹر سے جڑے کئی دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ اور ایم ڈی جے کے ایس سی سی شمیم احمد وانی نے کمیٹی کو کارپوریشن کی طرف سے کی جارہی کارروائی اور محکمہ کی دیگر سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔میٹنگ میں ایڈیشنل سیکرٹری سیاحت گلزار احمد کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ایگریکلچر ایمپلائز ایسوسی ایشن کی میٹنگ
محکمہ کے ڈائریکٹرکے رول کو سراہا گیا
سرینگر / / ضلع سرینگر سے تعلق رکھنے والے ایگریکلچر ایمپلائز ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک میٹنگ زیر صدارت ضلع صدر آفاق اشرف بٹ منعقد ہوئی جس میں محکمہ کے مطالبات پر تفصیلی بحث ہوئی ۔میٹنگ کے دوران ایسوسی ایشن نے محکمہ اگریکلچر کے ڈائریکٹر سید الطاف اعجاز اندرابی کے کام کی سراہنا کرتے ہوئے کہا گیاکہ اندرابی نے ایس آر او 442میں عمل درآمد کر کے ملازمین کے تئیں اہم رول ادا کیا ۔ایسوسی ایشن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملازمین کی جائز مانگیں پوری ہونے میں مدد ملی ہے ۔ایسوسی ایشن نے اس دوران ریاستی صدر سجاد رشید خواجہ کے کام کو بھی سراہاگیا جنہوں نے ملازمین کے مطالبات کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں بہترین رول ادا کیا ۔ایسوسی ایشن نے اُمید ظاہر کی کہ اُن کی دیگر جائز مانگوں کو بھی حل کرنے کیلئے محکمہ اپناتعاون دے گا ۔