جموں//گوجربکروال یوتھ دیش باڈی نے گاندھی نگرمیں وزیرجنگلات لال سنگھ کی رہائش گاہ کے باہرپرامن مظاہرین پرلاٹھی چارج کرنے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے لکڑمنڈی جانی پورمیں خانہ بدوشوں کوتشددکانشانہ بنانے والوں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کامطالبہ کیاہے۔یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوجربکروال یوتھ دیش باڈی کے صدرچوہدری نزاکت کھٹانہ نے کہاکہ گذشتہ روزہم خانہ بدوش گوجربکروال اپنے مال مویشی کے ہمراہ گاندھی نگرمیں وزیرجنگلات لال سنگھ کی رہائش گاہ کے باہرپرامن احتجاج کررہے تھے کہ وہاں پرپولیس نے نہ صرف لاٹھی چارج کیابلکہ زبردستی گھسیٹاورشدیدتشددکانشانہ بنایا۔انہوں نے کہاکہ خانہ بدوش گوجربکروالوں کوجنگلوں سے باہرنکالناغیرانسانی ہے کیونکہ ابھی تک بازآبادکاری پالیسی حکومت نے خانہ بدوش گوجربکروالوں کیلئے نہیں بنائی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیرجنگلات آئے روزغنڈہ عناصرکاسہارالیکرخانہ بدوش گوجربکروالوں کوہراساں کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جے ڈی اے اورمحکمہ جنگلات لال سنگھ کی ایماپرخانہ بدوشوں کواُجاڑرہے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ کی سرکاری اراضی سے قبضہ چھڑانے کی مہم کونام نہاداورمخصوص طبقہ کے خلاف بتایا۔انہوں نے کہاکہ جموں صوبہ میں ایک مصمم سازش کے تحت مسلم آبادی کو نشانابنایاجارہا ہے جو نہایت ہی افسوسناک ہے ۔ صدیوں سے جنگلوں میں رہ رہے لوگوں کوجبراً اُجاڑناایک سازش ہے۔انہوں نے سرکار پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل مسلم برادری کے خلاف اس طرح کے واقعات رونما نہیں ہوئے تھے جو اس بار بھاجپا اور پی ڈی پی سرکار انجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جن لوگوں نے مخلوط سرکار کو وجود میں لایا انہیں اس کا صلہ دیا جارہا ہے ۔ نوجوانوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو نتائج سنگین ہونگے ۔کھٹانہ نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے خانہ بدوشوں کوہراساں کیاجارہاہے جس کوبرداشت نہیں کیاجائے گا۔انہوں نے حکومت کوانتباہ دیاکہ اگرگوجربکروالوں کوہراساں کرنے کے واقعات بندنہ کئے گئے تواس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے جس کی ذمہ داری حکومت پرعائدہوگی۔اس دوران پریس کانفرنس میں وقارایچ بھٹی رکن انڈس پیس فائونڈیشن ،چوہدری رفاقت اعجاز، چوہدری فیاض احمد، سردارچوہدری، چوہدری عبدالرشیدودیگران بھی موجودتھے۔