جموں//رواں مالی سال کے دوران ابھی تک انسداد منشیات Narcotic Drugs and Psychotropic Substances (NDPS)ایکٹ کے تحت 542معاملات درج کئے گئے جب کہ اس سلسلہ میں 667افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ،یہ اعداد و شمار دیتے ہوئے ریاستی پولیس کے سربراہ نے منشیات استعمال کے رحجان کو لمحہ ٔ فکریہ اور اسے ملی ٹینسی سے بھی بڑا چیلنج قرار دیا ہے ۔ ایک خبر رساں ایجنسی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ششی پال وید نے کہا کہ’ جب میں نے پولیس سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا تو منشیات کے استعمال کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے اس کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف اعلان جنگ کر دیا تھا۔تاہم انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ تنہاپولیس ہی منشیا ت کے خلاف مہم میں کامیابی حاصل نہیں کر سکتی۔ پاکستان کا نام لئے بغیر ڈی جی پی نے کہا کہ بھاری مقدار میں مختلف قسم کی منشیات ریاست میں بھیجی جا رہی ہیں اور یہ بات واضح ہے کہ یہ سب کس کے اشارہ پر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ’میں پولیس سمیت سبھی کو منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں مطلع کر رہا ہوں ، اس کے استعمال سے پورے سماج کو تباہ و برباد کیا جا سکتا ہے ، ہم نے بھاری مقدار میں منشیات ضبط کیں لیکن قانونی سطح پر انسداد منشیات کے سلسلہ میں کچھ مشکلات درپیش ہیں۔ پولیس سربراہ نے یاد دلایا کہ امسال اوڑی میں 70کلو گرام اور جموں میں 20کلو ہیروئین پکڑی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نبٹنے کے لئے سبھی کو متحدہ کوشش کرنی چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں انسداد منشیات ایکٹ کے تحت 163معاملات درج ہوئے اور اس سلسلہ میں 214افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ جموں خطہ میں 379معاملات میں 453افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ رواں برس کے دوران ابھی تک 12منشیات فروشوں پر پی ایس اے لگا ہے جب کہ گزشتہ برس یہ تعداد27تھی۔2016کے دوران منشیات فروشی کے 608معاملات منظر عام پر آئے تھے اور اس سلسلہ میں 822افراد کو گرفتار کئے گئے تھے۔ اس سال جموں خطہ میں ابھی تک منشیات فروشوں کے قبضہ سے 569کلو گرام منشیات ضبط کی گئی ہیں جو گزشتہ برس اسی اثنا میں ضبط شدہ منشیات سے پانچ گنا زائدہے ۔ 2015میں 24کلو چرس پکڑی گئی جب کہ 2016میں 107کلو چرس ضبط ہوئی جب کہ 2015میں 1,846کلو گرام، 2016 میں 3,268 کلو گرام اوراس سال 5,610کلو گرام بھکی برآمد ہوئی ہے ۔ تاہم برائون شوگر کے کاروبار میں گرائوٹ درج کی گئی ہے ۔ 2015میں 4.4کلو گرام برائون شوگر ضبط ہوئی، 2016میں 13.10کلو گرام جب کہ امسال صرف1.03کلو برائون شوگر پکڑی جا سکی ہے ۔ رواں برس اگست تک 39.315کلو گرام ہیروئین ضبط ہوئی ، یہ مقدار گزشتہ برس 64.143کلو گرام جب کہ2015میں 14.953کلو گرام تھی۔ پکڑی گئی منشیات میں افیم، چرس اور نشہ آور ادویات شامل ہیں۔