نئی دلی //ریاست میں بجلی کے شدید بحران اور طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی سرکار نے ریاست کو ناردن گرڈ سے 792میگاواٹ اضافی بجلی دینے کا علان کیا ہے ۔مرکزی وزارت بجلی نے غیر مختص1071میگاواٹ بجلی کا 74فیصد حصہ جموں وکشمیر کو دینے کا علان کیا ہے ۔مرکزی وزارت بجلی کے مطابق غیر مختص بجلی میں سے 792میگاواٹ بجلی جموں وکشمیر کو موسم سرما کے دوران فراہم کی جائے گی ۔مرکزی وزارت بجلی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس فیصلے سے ریاست جموں وکشمیر کے لوگوں کو بجلی کے حوالے سے سرما کے دوران مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کو دی جانے والی یہ بجلی نہ صرف12فیصد حصہ سے دی جائیگی بلکہ مرکزی پروجیکٹوں سے فراہم کی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ ناردن گرڈ میں موجود غیر مختص1071میگاواٹ بجلی جو ابھی تک ملک کی کسی بھی ریاست کو نہیں دی جا رہی تھی میں سے 792میگاواٹ ریاست جموں وکشمیر کو دی جائے گی ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر میں اس سال اپریل سے اکتوبر 2017تک بجلی کی طلب 2768میگاواٹ رہی جبکہ 2,214میگاواٹ فراہم کئے جاتے تھے اور 554میگاواٹ کی کمی پائی جاتی تھی ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سرما کے دوران بجلی کی ابتر صورتحال کو دیکھتے ہوئے مرکز نے ریاست کو مزید بجلی فراہم کر نے کا فیصلہ کیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر میں اس وقت جتنی بھی بجلی آرہی ہے اُس میں سے 70فیصد بجلی ناردن گرڈ سے دی جاتی ہے اور یہاں کے بجلی پروجیکٹوں سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اب پوری ریاست کی بجلی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے ناردن گرڈ سے این ایچ پی سی ، این ایچ پی سی ، ایس جے وی این سی ،ایس جے وی این ایل ،این پی سی ائی ایل اور این ایل سی پروجیکٹوں سے آنے والی کل 2397میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی ۔