سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خانقاہِ معلی پر حاضری دی۔خانقاہِ معلی پہنچتے ہی انہوں نے اللہ کے دربار میں دست بہ دعا ہوکر اس بات کر شکر کیا کہ آگ کی واردات سے بقعہ عالیہ کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ گنبد اور سلطان خانہ آگ سے متاثر ہوا ہے تاہم رب کی عنایت ہے کہ بقعہ عالیہ اور اس میں موجود تبرکات اور تاریخی نادر نسخے بچ گئے۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے جنرل سکریٹری اور مقامی ممبر اسمبلی علی محمد ساگر بھی تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بقعہ عالیہ کے خدامان، مقامی آبادی خصوصاً نوجوانوں اور فائرسروس کے اہلکاروں کی اُن کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا جن کی وجہ سے آگ جلد ہی قابو میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بقعہ عالیہ کی مرمت اور تعمیر وتجدید میں ہمارا مکمل تعاون رہے گا ۔ اس موقعے پر بقعہ عالیہ کے امام و خطیب حاجی غلام محمد ہمدانی نے عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقائ، مسلمانانِ ریاست کی خوشحالی اور فارغ البالی کیلئے دعا کی۔