آسٹریلیا ئی سفارتکار کی نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات
جموں//آسٹریلیا کی سفارت کار مس جینی گرانٹ (کونسلر۔پولیٹیکل ) نے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ سے ملاقات کی۔سفارت کار کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے ریاست سے متعلق معاملات پر غور و خوض کیا اور پیہم ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔
سابق گورنر وی خالد کے انتقال پر ووہرا کا اظہار دُکھ
جموں//گورنر این این ووہرا نے سابق گورنر جموں وکشمیر اور سپریم کورٹ جج وی خالد کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔گورنر نے غمزدہ خاندان کے تمام ممبران کے ساتھ اظہار تعزیت کی اور مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔
چاڈورہ میں حادثہ،4افراد زخمی
بڈگام//چاڈورہ میں جمعرات کو ایک حادثے کے دوران چار افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق چاڈورہ پٹرول پمپ کے نزدیک ایک گاڑی اورکار کے درمیان ٹکر ہوئی۔گاڑی کا ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوگیا۔زخمی افراد کا تعلق زولو چاڈورہ سے ہے جنہیں علاجہ و معالجہ کیلئے فوری طور پرچاڈورہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
گورنراور سوزکا اظہار افسوس
جموں/ /گورنر این این ووہرا اور پردیش کانگریس کے سابق صدر پروفیسر سیف الدین سوز نے خانقاہ معلی کی زیارت گاہ کو نقصان پہنچنے پر دُکھ کا اظہا ر کیا ہے۔ اُنہوں نے ریاستی حکومت اور دیگر متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ زیارت گاہ کو فوری طور سے بحال کریں۔راج بھون ترجمان نے کہا کہ گورنر اور ان کی اہلیہ نے کئی ایک مرتبہ اس تاریخی زیارت گاہ پر حاضری دی ہے۔ پردیش کانگریس کے سابق صدر پروفیسر سیف الدین سوز نے افسوس کا ظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ سب لوگوں کو اس بات کی طرف متوجہ ہونا چاہئے کہ ہماری میراث محفوظ رہنی چاہئے اور خاص طور خانقاہ معلی، جامع مسجد اور دیگر زیارت گاہوں اور ثقافتی مراکز کی پوری حفاظت ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آج کل کے تکنیکی دورمیں خانقاہ معلی اور دوسرے ثقافتی مراکز کے تحفظ کو پوری طرح یقینی بنایا جا سکتا ہے،جس کی طرف حکومت کو متوجہ ہونا چاہئے۔
بانڈی پورہ میں 50کنال کاہچرائی سے قبضہ ہٹالیا گیا
عازم جان
بانڈی پورہ// اے ڈی سی بانڈی پورہ خورشید احمد سنائی کی ہدایت پر تحصیلدار بانڈی پورہ مبشر حسین کی قیادت میں ایک ٹیم نے نادی ہل بانڈی پورہ میں کاہچرائی پر قبضہ ہٹالیا۔دو روز سے جاری اس مہم کے دوران لگ بھگ پچاس کنال اراضی کو سرکار نے اپنی تحویل میں لیا ۔ اس دوران علاقے میںمتعدددرخت بھی کاٹے گئے ۔عوام نے انتظامیہ کی اس کارروائی کی سراہنا کی اور مطالبہ کیا کہ تمام کاہچرائی سے قبضہ ہٹالیا جائے تاکہ مویشیوں کوگھومنے پھرنے میں دشواری نہ آسکے۔ تحصیلدار بانڈی پورہ مبشر حسین نے کہا کہ نادی ہل سے قبل ارن علاقے میں کاہچرائی پر قبضہ ہٹالیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم جاری رہے گی۔
فاروق اندرابی کا ڈور و حلقہ انتخاب کا دورہ
اننت ناگ//وزیر مملکت سید فاروق احمداندرابی نے جمعرات کو ڈور و حلقہ انتخاب کے پائین علاقوں کا دورہ کیا اوروہاں جاری مختلف ترقیاتی پروگراموں کا جائز ہ لیا۔وزیر کو بتایاگیا کہ لارکی پورہ دورویا پُل پر کام 12کروڑروپے کی لاگت سے جاری ہے اور لارکی پورہ پا لی ٹیکنیکل کالج پر 95فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور مختلف انجینئرنگ کورسوں کے لئے کلاس بھی شروع کئے گئے ہیں۔بعد میں وزیر نے عوام کے مسائل بغور سنے جن میں سڑک رابطہ سہولیات ، بجلی ، پینے کے پانی اور دیگر ترقیاتی ضروریات کی تعمیر و توسیع کے مسائل شامل تھے۔ بونہ پورہ ۔ لارکی پورہ کے لوگوں نے پالی ٹیکنیکل کالج لارکی پورہ سے کعبہ مرگ تک سڑک تعمیر کرنے کی مانگ کی۔ وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی جائز مانگیں مرحلہ وار پورہ کی جائیں گی۔دریں اثنا ذلڈارہ میں سکھ طبقے نے واٹر سپلائی سکیم کی تعمیر اور شمشان گھاٹ کی دیواری بندی کرنے کی مانگ کی ۔وزیر نے متعلقہ بی ڈی او کو شمشان گھاٹ کی دیوار بندی کےلئے ایک مفصل پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر میڈیا افراد سے بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ جاری ترقیاتی پروجیکٹ مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں گے اور محکمہ بجلی کٹوتی شیڈول پر من و عن عمل درآمد کر رہا ہے ۔
یوسف بٹ کی صدارت میںپرولیج کمیٹی کی میٹنگ
جموں// قانون ساز اسمبلی کی پرولیج کمیٹی کی ایک میٹنگ ممبر اسمبلی محمد یوسف بٹ کی صدارت میںمنعقد ہوئی اور التواءمیں پڑے مراعات کی استحقاق پر غور و خوض ہوا۔ارکان اسمبلی جاوید احمد رانا، محمد امین بٹ ، رویندر رینہ ، دیناناتھ بھگت ، اعجاز احمدمیر اور ڈاکٹر دویندر کمار منیال نے میٹنگ میں حصہ لیا اور تحریک استحقاق کو فوری طور حل کرنے کے لئے اپنے قیمتی آراءپیش کیں۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی ویسٹ بنگال ، مہاراشٹریہ اور راجستھان کا دورہ 22 نومبر 2017ءکو کرے گی تاکہ اُن ریاستوں میں ایسی کمیٹیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران تجربات حاصل کئے جائیں ۔میٹنگ میں سیکریٹری قانون ساز اسمبلی ایم آر سنگھ ، ڈپٹی سیکریٹری عبدالقیوم میر ، انڈر سیکریٹری شبیر احمد و دیگر افسران موجود تھے۔
ڈورو شاہ آباد کا زخمی نوجوان انتقال کرگیا
عارف بلوچ
ڈورو//ڈوروشاہ آباد کا زخمی نوجوان اسپتال میں کئی دن موت و حیات کی کشمکش میںمبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گیا ۔17سالہ سمیر احمد بٹ ولد حمید اللہ ساکن کوٹے گنڈڈورو سنچر کو ٹریکٹر حادثے میں شدید زخمی ہواتھا ۔حادثے کے بعد مذکورہ نوجوان کو صورہ میڈیکل انسٹچوٹ میں داخل کیا گیاتھاجہاں وہ 5روز کے بعد زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔جونہی انکی نعش اُن کے آبائی گاﺅں پہنچائی گئی تووہاں کہرام مچ گیا ۔ اُن کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
فرنٹ اور تحریک حریت کا جاں بحق جنگجوﺅںکو خراج عقیدت
سرینگر // لبریشن فرنٹ اور تحریک حریت نے حالیہ ایام کے دوران جاںبحق ہونے والے جنگجوﺅںکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جوان ہماری سرزمین کے وہ جیالے ہیں جن کی قربانیاں سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔ایک بیان کے مطابق فرنٹ وفدنے براٹھ کلان اور پلہالن جاکر لواحقین کی ڈھارس بندھائی اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔وفد میں ضلع صدربارہمولہ عبدالرشید مغلو، مولوی ریاض احمد اورغلام قادر خان شامل تھے۔ تحریک حریت کے شاہ ولی محمد، بشیر احمد قریشی اور دیگر ذمہ داروں پر مشتمل ایک وفد نے براٹھ سوپور اورپلہالن کی تعزیتی مجالس میں شرکت کرکے جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کو خراج عقیدت ادا کیا۔ انہوں نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے تمام بین الاقوامی مسلمہ قوانین اور اخلاقی قدروں کو پامال کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا اور ہر سطح پر ان قربانیوں کی حفاظت کی جائے گی۔
ڈورو شاہ آبادکا معروف عالم دین فوت
عارف بلوچ
ڈورو//جنوبی کشمیر کے معروف عالم دین مولانانورالدین کے برادر اکبرمولانا مبارک طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔مرحوم جماعت اسلامی کے اولین رکن تھے۔اُن کی نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ،جن میں علمی ،ادبی و دینی شخصیات شامل ہیں۔اس دوران سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افراد نے مرحوم کو خراج عقیدت ادا کیا اور سوگوار کنبے سے تعزیت کی۔ مرحوم کوخراج عقیدت پیش کرنے والوں میںمولانا سید محمد اسلم اندرابی،مولانا شوکت حُسین کینگ، قاضی یاسر احمد ،ایڈوکیٹ شیر علی بودہ ،ابو طارق غلام نبی میر ،ٹریڈ یونین ڈورو صدر مسعود احمد بودہ اورسجاد حُسین خان شامل ہیں۔
سالویشن مومنٹ پارٹی لیڈر کی گرفتاری پر برہم
سرینگر//سالویشن مومنٹ نے پارٹی لیڈر برائے صوبہ جموں ہلال احمد بیگ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیگ کو پولیس نے آر ایس ایس اراکین کے کہنے پر گرفتار کرلیا ۔بیان کے مطابق سیاسی عناد کی بنیاد پر انہیں سیفٹی ایکٹ کے تحت بند کرنے اور کوٹ بلوال جیل منتقل کرنے کی مذمت کی ہے۔ترجمان نے اُن کے اہل خانہ کے حوالے سے کہا کہ انہیں ہلال احمد کے ساتھ ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جو انسانی حقوق کی سراسر خلاف ورزی ہے ۔
روبینہ کوثر کی ڈائریکٹر آئی سی پی ایس تقرری حوصلہ افزائ
جموں //جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروسز آفیسرز ایسوسی ایشن نے روبینہ کوثر کی بطور ناظم آئی سی پی ایس تقرری کا خیر مقدم کیا ہے ۔ پبلسٹی سیکریٹری وسیم راجہ نے ایک بیان میں کہا کہ روبینہ کوثر کی تقرری سے کے اے ایس برادری کا حوصلہ بلند ہوا ہے اور حکومت کی جانب سے اس نوعیت کا ہر قدم افسران کو تندہی اور لگن سے کام کر کے عوام کی خدمت میں پیش پیش رہنے کی ترغیب دے گا ۔
ٹی ڈی سی کے عدالتی کیس زیر التوا
لیگل اسسٹنٹ کوغیر فعال بنانے کا شاخسانہ
سرینگر//ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ملازمین نے ’لیگل اسسٹنٹ ‘ کو غیر فعال بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث اُنکے عدالتی کیس زیر التواءہیں ۔انہوں نے مانگ کی کہ فوری طور پر ”لیگل اسسٹنٹ “ کو جائز جگہ پر تعینات کیا جائے تاکہ اُنکے عدالتی کیسوں کا فوری نپٹا ہو سکے ۔ٹور ازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ملازمین کے ایک وفد نے کہا کہ سابق منیجنگ ڈائریکٹر نے ’لاءڈپارٹمنٹ ‘ سے ایک ’لیگل اسسٹنٹ‘ بغرض اس لئے کارپوریشن میں تعینات کیا تھا تاکہ ملازمین کے سالہا سال سے عدالتوں میں زیر سماعت کیسوں کا نپٹا را ہوسکے ۔ملازمین نے منجینگ ڈائریکٹر سر مدحفیظ اور وائس چیئرمین رفیع احمد میر سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر اِس کا نوٹس لیں اور لیگل اسسٹنٹ کو صحیح جگہ پر تعینات کریں ۔