کشتواڑ//سنتھن ٹاپ پر اچانک برفباری کی وجہ سے گذشتہ روز دو ٹرکوں اور ایک لوڈ کئیر ئیر پر سوار 5مسافر پھنس کر رہ گئے تھے۔کشتواڑ پولیس کو جونہی اس واقعہ کی اطلاع ملی تو انہوں نے درماندہ مسافروںکو بچانے کے لئے فوری طور چھاترو پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم زیر قیادت انسپکٹر محمد بشیر ،ایس ایچ او پولیس اسٹیشن چھاترو تشکیل دی ۔پولیس ٹیم نے فوری طور کاروائی کرکے کئی کلو میٹر پیدل سفر طے کرکے درماندہ مسافروں کو بچا لیااور وہ با حفاظت اپنے گھروںکو پہنچے۔ان درماندہ مسافروں میں ،دو ٹرک ڈرائیور سجاد حُسین ولد ظفر احمدساکنہ کشتواڑ، ذاکر حُسین ولد غلام حُسین ساکنہ سرتھل ،این ایچ پی سی کا ایک جونگا ڈرائیور محمد بشیر ،نثار احمد ولد نور حُسین ساکنہ تریگام کشتواڑ اور حسن احمد ساکنہ دامر ،چھاتروشامل ہیں۔جبکہ درماندہ وہیکلز کے تفاصیل ٹرک نمبر JK14A 8614،ٹرک زیر نمبرJK02X 189 اور این ایچ پی سی کا ایک جونگاکے بطور بیان کی گئی ہے۔اس باز آباد کاری کے بعد پولیس پارٹی کو سنتھن ٹاپ کے ایک اور سرے پر اننت ناگ کے دائرہ اختیار میںدو افراد کے درماندہ ہونے کی اطلاع ملی ۔گروپ نے ایس ایس پی کشتواڑ ابرار چودھری کی ہدایت پر فوری طور کاروائی کرتے ہوئے جائے موقعہ پر پہنچ کر ان مسافروں کو بھی بچالیا ۔پھنسے ہوئے ان مسافروں کی پہچان ثاقب احمد ولد جاوید احمد ،مقصود ولد نور احمد ساکنان مغل میدان کے بطور کی گئی ہے۔یہ لوگ مڑواہ کے لئے گیس سلنڈروں سے لدی ہوئی ایک وہیکل کے ساتھ درماندہ ہو گئے تھے۔کشتواڑ پولیس نے لوگوں سے گُذارش کی ہے کہ اگر کشتواڑ ضلع میں کوئی بھی شخض برفباری میں درماندہ ہواہے تو اسکی اطلاع فوری طور ضلع پولیس کو دی جائے ۔