ڈوڈہ//گرین ماڈل ہائر اسکنڈری اسکول کی طالبات نے بھوپال میں منعقدہ63ویں’ نیشنل اسکول گیم2017‘ میں چاندی اور کانسی کے دو دو تمغے حاصل کر کے نہ صرف اپنے اسکول بلکہ پوری ریاست اور با الخصوص ضلع ڈوڈہ کا نام روشن کیا ہے۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ چناب خطہ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ قومی سطح کے ان مقابلوں میں یہاں کی طالبات نے دو سلور اور دو برونز میڈل حاصل کئے ہیں۔ کرشما دیوی دختر اوم پرکاش اور اکشارہ سنگھ دختر اجے کمار نے چاندی جب کہ حنا ملک دختر طارق حسین ملک اور مہک کوتوال دختر کلدیپ سنگھ نے کانسے کے تمغے حاصل کئے جب کہ اسکول کی طالبات سشما دیوی،آنچل پریہار،صبا ملک،ایان شکیل اور کرن منہاس نے بھی بھوپال میں منعقدہ چمپئن شپ میں حصہ لیا۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ان طالبات کے اعزا ز میں اسکول کے پرنسپل اوم پرکاش چنڈیل کی صدارت میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اُن کو مبارک باد پیش کی گئی اور انعامات اور اعزازات سے بھی نوازا گیا۔اس موقع پر اسکول کے پرنسپل نے قومی سطح کی چمپئن شپ میں حصہ لینے والی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے طالبات نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور بلند حوصلوں اور پوری طاقت اور جوش و خروش کے ساتھ قومی سطح کی چمپئن شپ میںحصہ لے کر کامیابی حاصل کی۔اُنہوں نے ٹیم کوچ کی محنت اور کوششوں کو بھی سراہا کہ اُنہوں نے ٹیم کی بہتر انداز میں تربیت اور رہنمائی کی۔یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اعلیٰ معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گرین ماڈل ہائر اسکنڈری اسکول ڈوڈہ میںاسکول میں زیرِ تعلیم طلباء و طالبات کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور اُن کو اپنی اپنی صلا حیتو ں کے اظہار اور اُن کو پروان چڑھانے کے پورے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے ٹیلنٹ کے مطابق زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھ سکیں۔