جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست میں سیاحتی صنعت کو فروغ دینے کیلئے سرینگر ہوائی اڈے کو ملک کے ان ہوائی اڈوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا ہے جہاں سے آسیان ممالک کیلئے پروازیں شروع کی جارہی ہیں۔شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر اشوک گجپتی راجو پوسا پتی کے نام ایک مکتوب میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ آسیان خطے سے سرینگر ہوائی اڈے تک پروازوں کے سلسلے سے ریاست میں سیاحتی سیکٹر کو ترقی دینے میں کافی مددملے گی جو وقت کی اہم ضرورت ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کولالمپور ، جکارٹہ ، بینکاک ،سنگاپوراور آسیان خطے کے دیگر شہروں تک پروازیں شروع کرنے مقامی سیاحتی صنعت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور ریاست کی اقتصادیات کو بھی دوام حاصل ہوگا۔واضح رہے کہ سیاحتی صنعت سے جڑے کئی وفود نے پچھلے چند مہینوں کے دوران وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کر کے ان سے درخواست کی تھی کہ آسیان ممالک تک پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جائے تاکہ خطے کے ٹورازم مارکیٹ کوبھی بروئے لایا جاسکے ۔مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ کے نام ایک او رمراسلے میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مقامی پولٹری یونٹ ہولڈروں کی ریکوری مدت میں توسیع اور سود معاف کرنے کے علاوہ اس کاروبار کو تقویت بخشنے کے لئے مزید مالی معاونت طلب کی ہے کیونکہ اس صنعت کو 2014ء کے سیلاب کی وجہ سے کافی نقصان پہنچا اور ہمسایہ ریاستوں سے اضافی قیمتوں پر پولٹری دانہ درآمد کرنے سے بھی اس کاروبار سے جڑے افراد کو مشکلات کاسامنا کرپڑ رہا ہے ۔پولٹری ڈیلرس ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ایک گروپ نے بھی حال ہی میں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی تھی اور ان سے درخواست کی تھی کہ وہ یہ معاملہ مرکزی سرکار کے ساتھ اٹھائے۔