سرینگر//وادی کشمیر میں ابر ِ کرم بر سنے کے ساتھ ہی جہاں پہاڑوں نے سفید چادر اُوڑ ھ لی،وہیں میدانی علاقوں میںدرجہ ِحرارت نقطہ انجماد سے نیچے آنے کے ساتھ ہی سردی کا زور بھی محسوس ہونے لگا ہے۔اس دوران راز دان ٹاپ کے مقام پر برفبا ری ہونے کے بعد گریز بانڈی پورہ روڑ بند کردیا گیا جبکہ لیہہ شاہراہ دوسرے روز بھی بند رہی،تاریخی مغل روڑ پر ٹریفک جزوی طور پر بند ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔ طویل ترین انتظار کے بعد وادی کشمیر میں ابرِ کرم برسا اور لیکن کھل کر نہیں برسا ۔جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ایک مرتبہ پھر تازہ برفباری ہوئی ۔چندن واڑی پہلگام میں دوران ِ شب برفباری ہوئی جبکہ یوس مرگ میں سیزن کی پہلی سفید قالین بچھ گئی ۔ سرینگر سمیت وادی بھر کے میدانوں علاقوں میں جمعہ کو بعد دوپہر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ،جو وقفے وقفے جاری رہا ۔یوسمرگ کیساتھ ساتھ توسہ میدان اور دودھ پتھری میں بھی برفباری ہوئی۔حکام کے مطابق یوسمرگ میں 3اینچ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔کھاگ تحصیل میں واقع ستیا ہرن میں بھی سیزن کی پہلی برفباری ہوئی ۔غلام نبی رینہ کے مطابق ادھر سرینگر ۔لہیہ شاہراہ کو زوجیلا کے مقام پر بھاری برفباری کے بعد ٹریفک کی آوا جاہی کیلئے بند کر دیا گیا ۔ شاہراہ پر درجنوں ٹرک اور ہلکی گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئیں ۔ زوجیلا کے مقام پر10انچ برفباری ہوئی جبکہ سونہ مرگ اور اسکے گردو نواح میں 6انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔430کلو میٹر سرینگر ،لیہہ شاہراہ جمعرات سے بند ہے ۔ادھر عازم جان کے مطابق روز دان ٹاپ پر برفباری ہونے کے بعد 86کلو میٹر گریز ۔بانڈی پورہ روڑ پر ٹریفک کی آوا جاہی بند کردی گئی ۔حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ روڑ پر برفباری کے بعد پھسلن پیدا ہوگئی اور احتیاط کے بطور ٹریفک کی آوا جاہی بند کردی گئی ۔یہ روڑ خطہ گریز کو ریاست کو دیگر خطوں سے جوڑ تا ہے ۔اس دوران سرینگر ۔جموں شاہراہ پر ٹریفک کی آوا جاہی جمعہ کو دوبارہ بحال کردی گئی ۔جمعرات کو شاہراہ کے مختلف مقامات پر پسیاں اور چٹانیں کھسک آئی تھیں ،جسکے بعد حکام نے اس شاہراہ کو احتیاط کے بطور ٹریفک کی آوا جاہی کیلئے بند کیا تھا ۔تاہم شاہراہ سے کئی گھنٹوں بعد رکاوٹیں ہٹائی گئیں اور اس پر ٹریفک کی آوا جاہی بحال کردی گئی ۔اس دوران محکمہ موسمیات سے معلوم ہوا ہے کہ گلمرگ ،لہیہ اور کرگل میں نقطہ انجماد منفی تک نیچے آیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ میں کم از کم درجہ حرارت منفی5.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ رات کا کم ازکم درجہ حرارت گلمرگ میں صفر تھا ،جو یکا یک نیچے آگیا اور منفی5.6پر اٹک گیا ۔گلمرگ وادی کشمیر کا سرد خطہ ہے جبکہ خطہ لداخ ریاست کا سرد ترین علاقہ ہے ۔کرگل میں کم ازکم درجہ حرارت منفی5.6ڈگری اور لیہہ میں کم از کم درجہ حرارت منفی6.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم وادی کشمیر کے باقی ماندہ علاقوں میں رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اُوپر ہی ریکارڈ کیا گیا ۔سرینگر میں کم ازکم درجہ حرارت 2.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں 4.4ڈگری اور2.6ڈگری بالترتیب ریکارڈ کیا گیا ۔پہلگام میں رات کا درجہ حرارت 1.4ڈگری ریکارڈ کیا ۔کپوارہ میں کم از کم درجہ1.7ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ ادھرمشتاق الحسن کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ برف باری ہوئی ہے۔افروٹ پہاڑوں پر 4 انچ اور گلمرگ گالف کورس میں 2 انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی ۔ برف باری کی وجہ سے کاو نار سے لیکر گلمرگ بس اسٹینڈ تک سڑک پر برف کی تہہ جمع ہو نے سے سڑک پر پھسلن پیدا ہوئی جس کی وجہ سے گاڑ یوں کے چلنے میں دشواریاں پیش آئیں۔